شارق علی شارق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کبھی دماغ کبھی دل ستا رہا ہے مجھے (غزل)
کبھی دماغ کبھی دل ستا رہا ہے مجھے
یہ کیسا درد مرے ہم نوا دیا ہے مجھے
ابھر گئے ہیں سراپا نقوش آنکھوں میں
وہ حرف حرف بہت یاد آ رہا ہے مجھے
تمہارے حسن کی تعریف لکھتا پھرتا ہوں
زمانہ ایسے ہی شاعر سمجھ رہا ہے مجھے
کیا ہے اس طرح بدنام عشق نے تیرے
تری گلی کا ہر اک شخص جانتا ہے مجھے
کوئی ملے نہ ملے فرق کچھ نہیں پڑتا
بس ایک تم سے زمانہ میں واسطہ ہے مجھے
میں ان پہ رکھ سکوں الزام قتل کا اپنے
تمہاری آنکھوں سے اتنا تو فائدہ ہے مجھے
میں جپتا پھرتا ہوں تیرا ہی نام ہر لمحہ
تری نگاہ نے پاگل بنا دیا ہے مجھے
تمہارے نام سے شارق علیؔ ہوا منسوب
تمہارے نام زمانہ نے لکھ دیا ہے مجھے
اک جھلک میں لے گئی سب لوٹ کر اچھا لگا (غزل)
اک جھلک میں لے گئی سب لوٹ کر اچھا لگا
اس نے نظروں سے ملائی جب نظر اچھا لگا
وہ اچانک مجھ سے ملنے آئے گھر اچھا لگا
میرے غم کی کر گئے پل میں سحر اچھا لگا
دیکھ کر چہرے کو ان کے دیکھتا ہی رہ گیا
ہو گیا مجھ پر نہ جانے کب اثر اچھا لگا
دل کے کاغذ پر غزل بن کر اتر آئی ہے وہ
سوچتا تھا جس کو میں پہروں پہر اچھا لگا
حسن والوں سے محبت کا صلہ یہ پا لیا
چوٹ کھائی دل پہ ہے گھائل جگر اچھا لگا
چین سے وہ بھی کہاں ہے چھوڑ کر شارقؔ مجھے
جاگتی رہتی ہے وہ بھی رات بھر اچھا لگا