شمیم انور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رکنے کا اب نام نہ لے ہے راہی چلتا جائے ہے (غزل)
رکنے کا اب نام نہ لے ہے راہی چلتا جائے ہے
بوڑھا برگد اپنے سائے میں خود ہی سستائے ہے
بھینی بھینی مہوا کی بو دور گاؤں سے آئے ہے
بھولی بسری کوئی کہانی نس نس آگ لگائے ہے
الجھی سانسیں سرگوشی اور چوڑی کی مدھم آواز
پاس کا کمرہ روز رات کی نیند اڑا لے جائے ہے
کم کیا ہوتی لجا کی یہ دوری اب تو اور بڑھی
دایاں گال چھپا کر اب وہ اور ادھک شرمائے ہے
جب سے سالا شہری بابو اپنے گاؤں میں آیا ہے
گوری کئی کئی بار کنویں پر پانی بھرنے جائے ہے
پورب پچھم اتر دکھن اپنی مٹی کے قیدی
یوں چوراہے کی تختی ہوں جو رستہ دکھلائے ہے
ہاتھ سے مچھلی پھسلے بیتا ایک زمانہ پر اب بھی
اپنی ہتھیلی سونگھے ہے جب ندی کنارے آئے ہے
جو چہرے کے باہر ہے وہ اندر نہ ملے گا (غزل)
جو چہرے کے باہر ہے وہ اندر نہ ملے گا
چٹکی میں سمندر کی سمندر نہ ملے گا
دکھ ہوگا سوا دکھ کو نمائش میں سجا کے
ہر چہرہ پہ ہمدردی کا لشکر نہ ملے گا
سوکھے ہوئے تالاب کی کیا جیب تلاشی
صدیوں کا وہ پھینکا ہوا پتھر نہ ملے گا
وہ کتنی دفعہ توڑ کے پھر جوڑا گیا ہے
انگشت نظر سے تمہیں چھو کر نہ ملے گا
آنکھوں کو کہیں دور خلائیں نہ اچھالو
کھویا ہوا سپنوں کا سمندر نہ ملے گا
کیا تمہیں کچھ خبر بھی ہے کہ (نظم)
کیا تمہیں کچھ خبر بھی ہے کہ
ایک اچھے بھلے شخص نے
ایک اچھے بھلے شخص کو
سامنے والے فٹ پاتھ پر مار ڈالا ہے
اس نے کافی کی ہلکی سی چسکی بھری
اور چہرے پہ حیرت کا جنگل لیے
مجھ کو تکتے ہوئے
چار مینار سگریٹ کا پھر سے مہورت کیا
اور پھر
اپنے منہ سے اگلتے ہوئے وہ دھواں
مجھ سے کہنے لگا
شاید اس شہر میں تم نئے آئے ہو