پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمیم انجم وارثی کی غزلیں — Shamim Anjum Warsi Ghazals

شمیم انجم وارثی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پانی سے دہلیز بھری ہے دھوپ بھی گھر کے اندر ہے (غزل)

پانی سے دہلیز بھری ہے دھوپ بھی گھر کے اندر ہے

منظر ہے یا پس منظر میں کوئی عجوبہ منظر ہے

اے آنکھوں میں بسنے والو مجھ میں اتر کر دیکھو بھی

سات سمندر کی گہرائی میری ذات کے اندر ہے

دور پر آشوب ہے یا کہ موسم کی ہے نیرنگی

جن ہاتھوں میں پھول کھلے تھے ان ہاتھوں میں خنجر ہے

مجھ سے بچھڑ کر اس کے دل میں خوشیوں کا ہے جم غفیر

اور مری آنکھوں سے جاری اشکوں کا اک لشکر ہے

پھول کھلا دے جو لفظوں کی برفیلی چٹانوں پر

کوئی شمیم انجمؔ سے پوچھے ایسا کون سخن ور ہے

گیت خوشی کے گاؤ پیارے (نظم)

گیت خوشی کے گاؤ پیارے

جم کر ڈھول بجاؤ پیارے

آج ہے بندریا کی شادی

جنگل میں خانہ آبادی

چیتا گھوڑا اونٹ اور ہاتھی

دروازے آئے باراتی

مور خوشی میں ناچے گائے

بھالو من ہی من اترائے

چور ہے مستی میں خرگوش

سارے پنچھی ہیں مدہوش

بندریا کتنی جچتی ہے

جوڑے میں اچھی لگتی ہے

بندر سہرا باندھ کے آیا

بندریا کا جی للچایا

بلبل نے پھونکی شہنائی

مہمانوں پر مستی چھائی

طوطے نے کیا سہرا گایا

شیر مسرت سے مسکایا

مہمانوں کا کرو سواگت

جم کر انہیں کھلاؤ دعوت

بندر ہاتھ میں ڈالے ہاتھ

بندریا کو لایا ساتھ

جنگل میں ہریالی چھائی

دولہے کے گھر دلہن آئی

مزید غزلیں از شمیم انجم وارثی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں