شفیع مشہدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب ایسا بھی انداز بیاں ٹھیک نہیں ہے (غزل)
اب ایسا بھی انداز بیاں ٹھیک نہیں ہے
قاتل کو کہیں راحت جاں ٹھیک نہیں ہے
بے جذب دروں آہ و فغاں ٹھیک نہیں ہے
جب آگ نہیں ہے تو دھواں ٹھیک نہیں ہے
مانا کہ ستم گر کی ہے رسی کو بہت ڈھیل
پر اتنی بھی اللہ میاں ٹھیک نہیں ہے
تم اس کو کہو جو بھی وہ سب ٹھیک ہے لیکن
ہم اس کو کہیں دشمن جاں ٹھیک نہیں ہے
ہے شہر ستم گر تو غم سود و زیاں کیا
مقتل میں تو اندیشۂ جاں ٹھیک نہیں ہے
ایک اس کا تھا وہ آسرا بھی نہیں (غزل)
ایک اس کا تھا وہ آسرا بھی نہیں
میرے شامل اب اس کی رضا بھی نہیں
ہاتھیوں کی ہے یلغار چاروں طرف
اور ابابیل کا کچھ پتہ بھی نہیں
چاند میرے اشارے نہیں جانتا
انگلیوں میں مری معجزہ بھی نہیں
غار تک آ چکے ہیں تعاقب میں سب
مکڑیوں نے تو جالا بنا بھی نہیں
مشہدیؔ سر ہتھیلی پہ رکھے رہے
اپنی تقدیر میں کربلا بھی نہیں
مزید غزلیں از شفیع مشہدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں