ستیہ نسٹھ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم نے چھوڑا تھا جہاں یار وہیں ہیں ہم لوگ (غزل)
تم نے چھوڑا تھا جہاں یار وہیں ہیں ہم لوگ
ہم کو ہونا تھا کہیں اور کہیں ہیں ہم لوگ
رونق شہر ریا نے ہے جنہیں توڑ دیا
ہاں انہیں ٹوٹے مکانوں کے مکیں ہیں ہم لوگ
آسماں جن کی اڑانوں کے لیے کمتر ہے
ایسے بے پایاں پرندوں کی زمیں ہیں ہم لوگ
جانے والو مرا پیغام خدا کو دینا
جا کے کہنا حد امکاں میں نہیں ہیں ہم لوگ
ہم کو اب روز نہ ہونے کا گماں ہوتا ہے
روز ہم خود کو دلاتے ہیں یقیں ہیں ہم لوگ
شب وصال کا منظر نفس نفس میں رکھا (غزل)
شب وصال کا منظر نفس نفس میں رکھا
کچھ اس طرح سے خود اپنے کو اس کے بس میں رکھا
جو چڑیا ربط کے مرنے سے مر بھی سکتی تھی
اسے درخت سے لٹکے ہوئے قفس میں رکھا
کسی بدن کی تپش سے بچا لیا خود کو
یہ کس نے روح کے ٹکڑے کو بوالہوس میں رکھا
سکوت مرگ مجھے زندگی کے رہتے ملا
ہو جیسے خلوت غم نالۂ جرس میں رکھا
بھرم کا دائرہ ایک دن سمٹ بھی جانا ہے
تمام عمر کسے کس نے پیش و پس میں رکھا