پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ثمینہ سید کی غزلیں — Sameena Syed Ghazals

ثمینہ سید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اداسی ختم ہو جائے اگر تم ملنے آ جاؤ (غزل)

اداسی ختم ہو جائے اگر تم ملنے آ جاؤ

میرا ہر زخم سو جائے اگر تم ملنے آ جاؤ

شب ہجراں کے ماتھے پر سویرے پھر سے روشن ہوں

یہ رت گجرے پرو جائے اگر تم ملنے آ جاؤ

تمہارے قرب کے لمحے میسر ہم کو آ جائیں

یہ دل رنگوں میں کھو جائے اگر تم ملنے آ جاؤ

ستارا بخت کا اپنا بلندی پر نظر آئے

زمیں آکاش ہو جائے اگر تم ملنے آ جاؤ

ہواؤں میں بسی پھولوں کی دل آویز یہ خوشبو

مرے دل میں سمو جائے اگر تم ملنے آ جاؤ

کڑکتی دھوپ ہے سر پر بھلا انکار یہ کب ہے

مجھے ساون بھگو جائے اگر تم ملنے آ جاؤ

قحط سالی سی قحط سالی ہے (غزل)

قحط سالی سی قحط سالی ہے

دل تری یاد سے بھی خالی ہے

دیکھ تو آسماں کے بستر پر

چاند میری طرح سوالی ہے

خواب دیکھوں تو کس طرح دیکھوں

نیند اس نے مری چرا لی ہے

ہم نے بجھتے ہوئے دیے کی لو

تیز آندھی میں پھر اچھالی ہے

سچ تو یہ ہے کہ کار وحشت میں

ہم نے یہ عمر ہی گنوا لی ہے

ہجر کی دوپہر میں اے سیدؔ

بزم یادوں کی پھر سجا لی ہے

خزاں کے زرد پتوں کا (نظم)

خزاں کے زرد پتوں کا

کوئی سایہ نہیں ہوتا

بہت بے مول ہو کر جب

زمیں پر آن گرتے ہیں

تو یخ بستہ ہوائیں بھی

انہی کو زخم دیتی ہیں

اسے کہنا

کہ مجھ کو بھول کر بے مول نہ کرنا

مزید غزلیں از ثمینہ سید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں