ثمینہ قمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایسی ضیا کہاں ہے شب ماہتاب میں (غزل)
ایسی ضیا کہاں ہے شب ماہتاب میں
پوشیدہ ہے جو نور کسی کے نقاب میں
نغمہ سرا ہو کوئی تو دل کے رباب میں
یہ خواب دیکھتی ہوں میں ہر ایک خواب میں
دیکھا ہے تم نے شعلہ کبھی کوئی آب میں
شامل تھا اس کا پیار بھی اس کے عتاب میں
دے کر جواب ان کے سلام و پیام کا
کر لی ہے اپنی جان ہمیں نے عذاب میں
رکھے تھے ہم نے دل کے دفاتر کھلے ہوئے
داخل ہوا نہ کوئی محبت کے باب میں
کیوں حشر سا بپا ہے مرے دل میں جا بجا
کس نے قدم رکھا ہے یہ دل کی رکاب میں
فرط خوشی سے مر ہی نہ جاؤں کہیں قمرؔ
تصویر اس نے بھیج دی خط کے جواب میں
کہیں آبشار شراب کے کہیں سرخ فرش گلال کے (غزل)
کہیں آبشار شراب کے کہیں سرخ فرش گلال کے
کہیں خوشبوئیں ہیں بخور کی کہیں گل کھلے ہیں کمال کے
یہ مقام عشق کا ہے جہاں سبھی آرزوئیں تمام ہیں
نہ خلش ہے اب کوئی ہجر کی نہ تو خواب ہی ہیں وصال کے
تجھے کیا خبر کہ میں کس قدر تری سادگی کی اسیر ہوں
مری شاعری میں بیاں ہیں بس ترے قصے حسن و جمال کے
یہ عروج آج ملا ہے جو نہ میں بھول کر بھی بھلا سکی
جو گزر گئے مری ذات پر وہی رات دن تھے زوال کے
میں ہمیشہ ہی رہی راہ میں نہ ملیں کبھی مجھے منزلیں
مرے ہم قدم رہے قافلے تری یاد تیرے خیال کے
یہ چراغ غم کے بجھا بھی دو کہ نشاط صبح ہے آ گئی
نہیں زیب دیں گے تمہیں قمرؔ یہ سیاہ رنگ ملال کے