پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صلاح الدین نیر کی غزلیں — Salahuddin Nayyar Ghazals

صلاح الدین نیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر ایک ذرہ بار امانت سے ڈر گیا (غزل)

ہر ایک ذرہ بار امانت سے ڈر گیا

اک میں ہی تھا کہ تیرے مقابل ٹھہر گیا

ہر چیز جل گئی تھی بہ جز چشم انتظار

اوروں کے گھر بجھا کے جو میں اپنے گھر گیا

اس دور انتشار کا یہ بھی ہے حادثہ

تہذیب زندہ رہ گئی انسان مر گیا

وہ بھی کبھی تھا اپنے قبیلے کا آدمی

کل تیری انجمن سے جو با چشم تر گیا

تم مسکرا کے ایک طرف ہو گئے مگر

الزام سارا زلف پریشاں کے سر گیا

اب تک بھی جس کو پانے کی نیرؔ ہے آرزو

وہ لمحۂ عزیز نہ جانے کدھر گیا

جو کچھ بھی آپ کہتے ہیں وہ ٹھیک ہی تو ہے (غزل)

جو کچھ بھی آپ کہتے ہیں وہ ٹھیک ہی تو ہے

تسکین آرزو کی طلب بھیک ہی تو ہے

جب چھین لی گئی مری آنکھوں سے روشنی

دنیا مری نگاہ میں تاریک ہی تو ہے

فصل خزاں بری سہی اتنی بری نہیں

یہ آمد بہار کی تحریک ہی تو ہے

گھبرا رہا ہے دل تو تعجب کی بات کیا

منزل شعور درد کی نزدیک ہی تو ہے

عشق و ہوس میں فرق نہ کرنا کبھی کبھی

جذبات دل کی دوستوں تضحیک ہی تو ہے

اپنا سمجھ کے میں نے سنایا تھا حال دل

تم نے بھی ساتھ چھوڑ دیا ٹھیک ہی تو ہے

اس ربط ناتمام سے کچھ فائدہ نہ تھا

نیرؔ کہانی ختم ہوئی ٹھیک ہی تو ہے

دل مجبور کا احساس تجھے ہو کہ نہ ہو (نظم)

دل مجبور کا احساس تجھے ہو کہ نہ ہو

تیری محفل سے کہیں اور چلا جاؤں گا

اب یہ سوچا ہے ترے پاس نہیں آؤں گا

یہ مری نظمیں یہ غزلیں ہی سہارا ہوں گی

ان کے ہر لفظ سے آئے گی وفا کی خوشبو

ان کے ہر لفظ میں ہے جذب مرا خون جگر

ایک ایک لفظ میں ہیں میری وفائیں شامل

ایک ایک لفظ محبت کا امیں ہے میری

میرے ہر شعر میں ہے تیرے ہی لہجے کا گداز

میرے ہر شعر میں ہے عارض و رخسار کا رنگ

گھل گئی ہے مرے شعروں میں لبوں کی سرخی

میرے ہر شعر میں ہے تیری نگاہوں کا خمار

صندلی جسم کی خوشبو ہے مرے گیتوں میں

میری نظموں میں تری بھیگتی پلکوں کی نمی

اب نگاہوں میں رہے دل میں رہا کوئی نہیں

میرے شعروں میں بجز تیرے سوا کوئی نہیں

رشتۂ مہر و وفا توڑ نہ دینا ساتھی

ویسے میں اشکوں سے بڑھ کر تجھے دیتا کیا تھا

چند اشکوں کے سوا پاس مرے کچھ بھی نہیں

ہاں یہ کچھ غزلیں یہ نظمیں ہیں مگر اے ساتھی

جانتا ہوں مری غزلوں سے محبت ہے تجھے

میرے احساس مری فکر کا خالق تو ہے

تیری ہی دین ہے تیری ہی عطا ہے لیکن

سوچتا رہتا ہوں تجھ کو کہیں رسوا نہ کریں

کیوں ترے نام سے منسوب کیا تھا میں نے

میرا کیا میں تو ہوں بدنام بھی آوارہ بھی

مجھ کو یہ فکر ہے اے دوست تو رسوا ہوگا

میرے احساس کا گر خون ہو کچھ فکر نہ کر

میری تخئیل جو جل جائے تو احساس نہ کر

یہ مرے شعر مری نظمیں یہ غزلیں میری

برہا کے گیت اور اوراق محبت میرے

چند بھیگی ہوئی راتوں میں سلگتے سے پیام

تجھ سے وابستہ ہیں کچھ ایسی سزا دے ان کو

آج خود اپنے ہی ہاتھوں سے جلا دے ان کو

مزید غزلیں از صلاح الدین نیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں