سکینہ محمود کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب کبھی خواب وفا سے ہوش میں آتا ہے دل (غزل)
جب کبھی خواب وفا سے ہوش میں آتا ہے دل
خود بہ خود اک یاس کے طوفاں میں کھو جاتا ہے دل
سر بہ سر افسانہ تھا اپنا جنوں پرور شباب
اب وہی بھولا ہوا افسانہ دہراتا ہے دل
ایک وہ دن تھے کہ کھو جاتا تھا ذوق عشق میں
اب محبت کے تصور سے بھی گھبراتا ہے دل
جب گھٹا ساون کی چھا جاتی ہے صحن باغ پر
شعلۂ بے تاب کی مانند بل کھاتا ہے دل
بے کسی ہائے محبت کی سنا کر داستاں
دل کو تڑپاتی ہوں میں اور مجھ کو تڑپاتا ہے دل
ہر قدم پر اک نیا منظر ہے میرے سامنے
کہہ نہیں سکتی کہاں مجھ کو لئے جاتا ہے دل
بلبل شوریدہ کا کوئی نہیں ہے غم گسار
یوں تو ہر غنچے کے پہلو میں نظر آتا ہے دل
بتوں کو کبریائی کیوں نہ آئی (غزل)
بتوں کو کبریائی کیوں نہ آئی
خدا ہو کر خدائی کیوں نہ آئی
مزاج یار رنگیں تھا مرے کام
مری رنگیں نوائی کیوں نہ آئی
وفا بھی دل ربائی کا ہے انداز
تمہیں یہ دل ربائی کیوں نہ آئی
جو تم نے سیکھ لی غیر آشنائی
مجھے دشمن کی آئی کیوں نہ آئی
وفاداری ذرا تم کیوں نہ سیکھے
ہمیں کچھ بے وفائی کیوں نہ آئی
مجھے باد صبا سے یہ گلہ ہے
برائے دل کشائی کیوں نہ آئی
ہماری داستان درد سن کر
انہیں رقت نہ آئی کیوں نہ آئی
شب غم کی نہ صورت دیکھتی میں
اجل روز جدائی کیوں نہ آئی
ہماری داستان غم کہانی ہوتی جاتی ہے (نظم)
ہماری داستان غم کہانی ہوتی جاتی ہے
وہی افسردگی پھر جاودانی ہوتی جاتی ہے
وہی تصویر درد و یاس ہے پھر زندگی میری
وہی آہ و فغاں کی میہمانی ہوتی جاتی ہے
وہی میں ہوں وہی خاموش آنسو ہیں وہی آہیں
بیاں ہر سانس میں دل کی کہانی ہوتی جاتی ہے
یوں ہی خاموش آہیں کہہ رہی ہیں داستان دل
یوں ہی راز نہاں کی ترجمانی ہوتی جاتی ہے
مٹا دے گا نشاں میرا یہ میرا گریۂ پیہم
یہ فریاد و فغاں میری نشانی ہوتی جاتی ہے