پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیلانی سیوتے کی غزلیں — Sailani Sevte Ghazals

سیلانی سیوتے کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شمس و قمر سے اور کبھی کہکشاں سے ہم (غزل)

شمس و قمر سے اور کبھی کہکشاں سے ہم

گزرے ہیں لاکھ بار حد لا مکاں سے ہم

رہبر ترے کرم سے ہو اس کارواں کی خیر

اب تک وہیں کھڑے ہیں چلے تھے جہاں سے ہم

ماضی کی تلخیوں میں رہے مطمئن مگر

کیوں خوش نہیں ہیں دوستو سال رواں سے ہم

جوش جنوں میں آج ہیں ہم کس مقام پر

یہ بھی پتہ نہیں ہے چلے تھے کہاں سے ہم

ان کے کرم ستم سے بھی کچھ کم نہیں ہیں اب

سیلانیؔ کس طرح کہیں اپنی زباں سے ہم

اپنے انجام سے بے خبر زندگی (غزل)

اپنے انجام سے بے خبر زندگی

رات دن کر رہی ہے سفر زندگی

ان دہکتی چتاؤں کی آغوش میں

کس طرح ہو سکے گی بسر زندگی

آ کے جاتے ہوئے منظروں کی طرح

گھٹتی جاتی ہے شام و سحر زندگی

موت تیرا بہت ہم پہ احسان ہے

تجھ سے پہلی نہ تھی معتبر زندگی

بغض و نفرت کی بڑھتی ہوئی آگ میں

جل رہے ہیں امیدوں کے گھر زندگی

چھوڑ کر اس قفس کو کدھر جائیں گے

ہو گئی اب تو بے بال و پر زندگی

ہم بھی سیلانیؔ بھٹکا کیے عمر بھر

لے گئی جب ادھر سے ادھر زندگی

مزید غزلیں از سیلانی سیوتے ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں