سیف الرحمن عباد غازی پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کھنڈر میں کھوئے خزانے تلاش کرتا ہے (غزل)
کھنڈر میں کھوئے خزانے تلاش کرتا ہے
وہ شخص گزرے زمانے تلاش کرتا ہے
جدیدیت کے سبھی طور اس نے اپنائے
مگر وہ دوست پرانے تلاش کرتا ہے
ادھر وہ آئے ادھر نم ہوئیں مری پلکیں
کہ اشک بھی تو بہانے تلاش کرتا ہے
تمہارے گھر میں پرندے کو حق ہے آنے کا
وہ اپنے رزق کے دانے تلاش کرتا ہے
وہ سوچ کر کے چھوا ہوگا ان کو پرکھوں نے
وہ کاغذات پرانے تلاش کرتا ہے
وہ اپنے عہد کا اک لمس چاٹنے کے لئے
پرانی طرز کے گانے تلاش کرتا ہے
کرے گا مجھ پہ وہ تنقید جانے کیا عبادؔ
جو میرے سارے فسانے تلاش کرتا ہے
رونق بزم سخن اپنی جگہ (غزل)
رونق بزم سخن اپنی جگہ
علم و دانش فکر و فن اپنی جگہ
بے نیاز ان سب سے رہتے ہیں شہید
مقبرے غسل و کفن اپنی جگہ
بات مندر کی ہو یا مسجد کی ہو
جذبۂ حب وطن اپنی جگہ
باعث تسکین خاموشیٔ دشت
اور شور انجمن اپنی جگہ
جانتے ہیں ہیں کمیں میں ان کے شیر
مست ہیں پھر بھی ہرن اپنی جگہ
ویسے تو ہر چیز میں ٹھہراؤ ہے
بس نہیں رہتا ہے من اپنی جگہ
اہل حق رہتے ہیں اب بھی سر بکف
اور ہیں دار و رسن اپنی جگہ
بد گمانی ان کی مجھ سے اب بھی ہے
اور میرا حسن ظن اپنی جگہ
ہے ہوس عبادؔ ہر سو جلوہ گر
اور محبت کا چلن اپنی جگہ