پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سعید اقبال سعدی کی غزلیں — Said Iqbal Saadi Ghazals

سعید اقبال سعدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سخن ور ہوں سخن فہمی کی لذت بانٹ دیتا ہوں (غزل)

سخن ور ہوں سخن فہمی کی لذت بانٹ دیتا ہوں

میں اپنے شعر کو خوشبو کی صورت بانٹ دیتا ہوں

فقط اپنے لیے کچھ بھی کبھی رکھا نہیں میں نے

میں اوروں کے لیے اپنی ضرورت بانٹ دیتا ہوں

انہیں مجبور کر دیتی ہے خود سے پیار کرنے میں

میں لوگوں کے دلوں میں محبت بانٹ دیتا ہوں

فقط دو بول ہی چاہت کے دنیا کی ضرورت ہیں

میں لوگوں کے دلوں میں یہ مسرت بانٹ دیتا ہوں

بہت ممکن ہے یہ بھی ایک دن نازک بدن نکلے

میں پتھر کو بھی شیشے کی نزاکت بانٹ دیتا ہوں

محبت نام ہے دشمن کو بھی دل سے لگانے کا

میں اپنے پیار سے دنیا میں حیرت بانٹ دیتا ہوں

یہی عادت تو ہے سعدیؔ سکون قلب کا باعث

میں نفرت بھول جاتا ہوں محبت بانٹ دیتا ہوں

ڈھلک کے گرنے سے یہ دل مرا ڈرا ہوا ہے (غزل)

ڈھلک کے گرنے سے یہ دل مرا ڈرا ہوا ہے

چھلکتے اشکوں میں اس نے مجھے رکھا ہوا ہے

غموں کے سارے پرندے ہی اس پہ آ بیٹھے

خوشی کی رت میں ذرا سا جو دل ہرا ہوا ہے

نہیں ہیں بولنے والے جو چار سو اپنے

ہمارے کانوں میں یہ شور کیوں بھرا ہوا ہے

مجھے ملے گا وہ تنکا ہی ناخدا بن کر

مرے لیے کسی طوفاں میں جو بہا ہوا ہے

بجھا سکے نہیں طوفان سیم و زر اس کو

ہوا کے رخ پہ چراغ انا جلا ہوا ہے

مری بھی پہلی محبت تھی صرف یک طرفہ

مرے بھی ساتھ ہوا سب سے جو سدا ہوا ہے

تمہارے پیار کا قرضہ ہے اس قدر دل پر

فقیر دل بھی تو قسطوں میں ہی گھرا ہوا ہے

ہے سانس سانس میں خوشبو اسی کی اب سعدیؔ

وفا کا پھول جو دل میں مرے کھلا ہوا ہے

مزید غزلیں از سعید اقبال سعدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں