ساحل سحری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سمتیں غلط زمین غلط آسماں غلط (غزل)
سمتیں غلط زمین غلط آسماں غلط
ہم ہی اگر غلط ہیں تو سارا جہاں غلط
بہتر تو ہے کہ ہم ہی سے سنیے ہماری بات
دنیا بیاں کرے گی تو ہوگی بیاں غلط
جنت کی جستجو تھی جہنم میں آ پڑے
کس کو خبر کی پاؤں اٹھے تھے کہاں غلط
مجبوریاں نہ ہوں تو کوئی مسئلہ نہیں
انداز فکر دیتا ہے مجبوریاں غلط
طے یہ ہوا کہ دی ہی نہ جائے مجھے شراب
کرتے ہیں فیصلے بھی مرے مہرباں غلط
کہاں کہاں پہ لٹے ہو شمار مت کرنا (غزل)
کہاں کہاں پہ لٹے ہو شمار مت کرنا
مگر کسی پہ بھی اب اعتبار مت کرنا
ہماری راہ میں کلیاں نہیں ہیں کانٹے ہیں
ہماری راہ کبھی اختیار مت کرنا
بہت ہی قیمتی ہے یہ ترے بدن کا لباس
کسی غریب کے بچے کو پیار مت کرنا
میں لوٹنے کے ارادے سے جا رہا ہوں مگر
سفر سفر ہے مرا انتظار مت کرنا
شراب خانے کا رستہ بھی چھوٹ جائے گا
شراب خانے میں ساحلؔ ادھار مت کرنا
مزید غزلیں از ساحل سحری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں