پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سحر انصاری کی غزلیں — Sahar Ansari Ghazals

سحر انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وصال و ہجر سے وابستہ تہمتیں بھی گئیں (غزل)

وصال و ہجر سے وابستہ تہمتیں بھی گئیں

وہ فاصلے بھی گئے اب وہ قربتیں بھی گئیں

دلوں کا حال تو یہ ہے کہ ربط ہے نہ گریز

محبتیں تو گئیں تھی عداوتیں بھی گئیں

لبھا لیا ہے بہت دل کو رسم دنیا نے

ستم گروں سے ستم کی شکایتیں بھی گئیں

غرور کج کلہی جن کے دم سے قائم تھا

وہ جرأتیں بھی گئیں وہ جسارتیں بھی گئیں

نہ اب وہ شدت آوارگی نہ وحشت دل

ہمارے نام کی کچھ اور شہرتیں بھی گئیں

دل تباہ تھا بے نام حسرتوں کا دیار

سو اب تو دل سے وہ بے نام حسرتیں بھی گئیں

ہوئے ہیں جب سے برہنہ ضرورتوں کے بدن

خیال و خواب کی پنہاں نزاکتیں بھی گئیں

ہجوم سرو و سمن ہے نہ سیل نکہت و رنگ

وہ قامتیں بھی گئیں وہ قیامتیں بھی گئیں

بھلا دیے غم دنیا نے عشق کے آداب

کسی کے ناز اٹھانے کی فرصتیں بھی گئیں

کرے گا کون متاع خلوص یوں ارزاں

ہمارے ساتھ ہماری سخاوتیں بھی گئیں

نہ چاند میں ہے وہ چہرہ نہ سرو میں ہے وہ جسم

گیا وہ شخص تو اس کی شباہتیں بھی گئیں

گیا وہ دور غم انتظار یار سحرؔ

اور اپنی ذات پہ دانستہ زحمتیں بھی گئیں

کسی بھی زخم کا دل پر اثر نہ تھا کوئی (غزل)

کسی بھی زخم کا دل پر اثر نہ تھا کوئی

یہ بات جب کی ہے جب چارہ گر نہ تھا کوئی

کسی سے رنگ افق ہی کی بات کر لیتے

اب اس قدر بھی یہاں معتبر نہ تھا کوئی

بنائے جاؤں کسی اور کے بھی نقش قدم

یہ کیوں کہوں کہ مرا ہم سفر نہ تھا کوئی

گزر گئے ترے کوچے سے اجنبی کی طرح

کہ ہم سے سلسلۂ بام و در نہ تھا کوئی

جسے گزار گئے ہم بڑے ہنر کے ساتھ

وہ زندگی تھی ہماری ہنر نہ تھا کوئی

عجیب ہوتے ہیں آداب رخصت محفل

کہ اٹھ کے وہ بھی چلا جس کا گھر نہ تھا کوئی

ہجوم شہر میں شامل رہا اور اس کے بعد

سحرؔ ادھر بھی گیا میں جدھر نہ تھا کوئی

مہیب روحوں کے قہقہوں سے (نظم)

مہیب روحوں کے قہقہوں سے

مآثر جاں لرز اٹھے ہیں

لہو کی رفتار زہر قاتل کی دھار بن کر

دل کی گہرائیوں میں پیہم اتر رہی ہے

ہڈیاں آگہی کی بیدار آگ میں پھر پگھل رہی ہیں

حیات سے بے خبر فضاؤں میں

جسم تحلیل ہو رہا ہے

شب سیہ کے ڈراؤنے فاصلوں سے لٹکی ہوئی

شپرہ چشم آرزوئیں یہ چاہتی ہیں

کہ تیرگی کو میں روح اپنی فروخت کر دوں

اور اس اجالے کو بھول جاؤں

جو اب بھی میرا مسیح موعود جسم و جاں ہے

مہیب روحوں کے قہقہوں نے

میری آواز چھین لی ہے

میں گھر کی دیوار پر نگاہیں جمائے بیٹھا ہوں

جیسے میرے تمام الفاظ گھر کی دیوار میں نہاں ہیں

مہیب روحوں کے قہقہوں میں

کچھ اجنبی اجنبی صدائیں ابھر رہی ہیں

وقت کا چاک چل رہا ہے

زمین کی سانس اکھڑ رہی ہے

میں سوچتا ہوں

وہ زرد سورج نہ جانے کب آئے گا

کہ جس کا

کتاب سیارگاں میں وعدہ کیا گیا ہے

کتاب سیارگاں کے مالک

میں اس اندھیرے سے تھک گیا ہوں

کبھی جب خود سے گھبراتا ہے سورج

ٹہل کر جی کو بہلاتا ہے سورج

مزید غزلیں از سحر انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں