پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سحر علی کی غزلیں — Sahar Ali 3 Ghazals

سحر علی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیری آنکھوں سے دوستی ہوئی ہے (غزل)

تیری آنکھوں سے دوستی ہوئی ہے

تب کہیں جا کے روشنی ہوئی ہے

اب تجھے عذر کیا ہے آنے میں

دیکھ برسات بھی تھمی ہوئی ہے

یہ خسارہ تو میں اٹھا چکی ہوں

یہ محبت تو میں نے کی ہوئی ہے

صرف یہ شام ہی نہیں ہے سرد

برف باتوں میں بھی جمی ہوئی ہے

تم سے اتنا بھی کہہ نہیں پائی

تم سے مل کر مجھے خوشی ہوئی ہے

اتنے برہم ہو کس لیے آخر

کیا محبت میں کچھ کمی ہوئی ہے

کوئی دشمن نہیں ہوتا برے حالات کے پیچھے (غزل)

کوئی دشمن نہیں ہوتا برے حالات کے پیچھے

کوئی اپنا ہی ہوتا ہے کسی بھی گھات کے پیچھے

فقط اتنا کہا تھا نا ہمیں تم سے محبت ہے

ہماری جان لو گے کیا ذرا سی بات کے پیچھے

تجھے معلوم ہے گوری کہ بارش کیوں ہوئی اس دن

کوئی اشکوں سے رویا تھا تری بارات کے پیچھے

شکست فاش دشمن نے ہمیں ایسے نہیں دی ہے

تمہارا ہاتھ لگتا ہے ہماری مات کے پیچھے

جیتی جاگتی عورت کو (نظم)

جیتی جاگتی عورت کو

کٹھ پتلی بنانے میں

تمہیں کافی وقت لگ گیا

لیکن تمہاری محنت رائیگاں نہیں گئی

اب وہ تمہارے تھپڑ نہیں گنتی

مگر تم اس کی روٹیاں گنتے ہو

اب وہ تمہارے ہونٹوں کی جنبش

تمہارے انکھوں کے اشارے پہ رہتی ہے

اور تمہاری خاموشی میں

اپنا ڈر بناتی رہتی ہے

اور تمہیں لگتا ہے کہ

وہ تمہارا گھر بنا رہی ہے

مزید غزلیں از سحر علی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں