پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صاحبزادہ میر برہان علی خاں کلیم کی غزلیں — Sahabzada Meer Burhan Ali Khan Kaleem Ghazals

صاحبزادہ میر برہان علی خاں کلیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ اب وہ دل ہے نہ وہ درد دل کے افسانے (غزل)

نہ اب وہ دل ہے نہ وہ درد دل کے افسانے

غم جہاں نے یہ کیا کر دیا خدا جانے

نہ اضطراب نہ راحت نہ آرزو نہ گریز

دھواں دھواں ہیں فقط زندگی کے کاشانے

زمیں کی تنگئ داماں سے تنگ دل ہو کر

چلے ہیں سوئے فلک ارتقا کے دوانے

مسافروں کے لہو سے جلا جلا کے چراغ

یہ کون اٹھا ہے زمانے کو راہ دکھلانے

ہزار جام فریب نظر پئے لیکن

مجھے سنبھال لیا میری لغزش پا نے

شعور و فکر کے جلتے ہوئے چراغوں میں

حیات نو کے مرتب ہوئے ہیں افسانے

ہمارا دست تصرف بہار پر ہوتا

تو آج خار بہ داماں نہ ہوتے ویرانے

بڑھا گئے ہیں اجالوں کی زندگی کتنی

سیاہ رات میں جل جل کے آج پروانے

غم زمانہ غم زندگی غم جاناں

یہ ہیں کلیمؔ مرے میکدے کے پیمانے

شبنم کی نمی دھوپ کی تابش بھی بہت تھی (غزل)

شبنم کی نمی دھوپ کی تابش بھی بہت تھی

باتوں میں گلے بھی تھے ستائش بھی بہت تھی

کچھ راس بھی آئے تھے بدلتے ہوئے موسم

کچھ پھول کی فطرت میں نمائش بھی بہت تھی

پھر بھی نہ بجھی شمع خیالوں کی تمہارے

آندھی بھی بہت تیز تھی بارش بھی بہت تھی

کچھ ساغر و مینا میں گھلا پیار کا امرت

نظروں کی کبھی اتنی نوازش بھی بہت تھی

کانٹوں میں بھی کیوں روپ نہ آ جاتا گلوں کا

اک شاخ پہ دونوں کی رہائش بھی بہت تھی

ساحل سے نہ کرتے رہیں طوفاں کا نظارہ

ہم ڈوبنے والوں کی یہ خواہش بھی بہت تھی

اس شوخ کی صورت میں کشش تو تھی بلا کی

سیرت میں مگر فطرت سازش بھی بہت تھی

تحریر جو چہروں کی کتابوں میں تھی لکھی

تم غور سے پڑھتے تو نگارش بھی بہت تھی

نکھرا ہوا کیوں رنگ تغزل کا نہ ہوتا

اس میں جو کلیمؔ آپ کی کاوش بھی بہت تھی

عید آئی ہے عید آئی ہے (نظم)

عید آئی ہے عید آئی ہے

رحمتوں کا پیام لائی ہے

آسمانوں سے نور اترا ہے

یوم لطف و نشاط آیا ہے

اس طرف آئے وہ جو پیاسا ہے

جوش پر رحمتوں کا دریا ہے

آج تقدیر مسکرائی ہے

رتجگوں کی نماز کی راتیں

سوز و ساز گداز کی راتیں

ذکر بندہ نواز کی راتیں

ناز کی اور نیاز کی راتیں

نور صبح امید لائی ہے

روزہ داروں خوشی مناؤ آج

جنتوں کی نوید پاؤ آج

غم گناہوں کے بھول جاؤ آج

اک نئی زندگی سجاؤ آج

رت بہاروں کی جیسے چھائی ہے

آج تو خار و گل بھی ہیں باہم

ایک ہیں جیسے شعلہ و شبنم

ہندو مسلم ملاپ ہے پیہم

دیس اپنا دلوں کا ہے سنگم

سب نے مل کر خوشی منائی ہے