پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صفیہ راگ علوی کی غزلیں — Safia Rag Alvi Ghazals

صفیہ راگ علوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حسن کیا اور دل کشی کیا تھی (غزل)

حسن کیا اور دل کشی کیا تھی

تم نہ ہوتے تو زندگی کیا تھی

آس جاگی نہ تھی اگر دل میں

ہلکی ہلکی سی روشنی کیا تھی

اس کو اکثر اداس دیکھا ہے

اس کی محفل میں کچھ کمی کیا تھی

غیر بھی ہم سے اب یہ پوچھیں گے

تنہا تنہا ہو بے بسی کیا تھی

مٹتے مٹتے بھی آس کہتی ہے

تم جو آتے تو بات ہی کیا تھی

ہم پہ گزری تو جانا ہم نے بھی

دل کی دھڑکن کی بے کلی کیا تھی

راگؔ اس نے جو پھیر لیں آنکھیں

دل لگانا بھی دل لگی کیا تھی

جب چھوڑ دیا مڑ کر ساحل کو نہیں دیکھا (غزل)

جب چھوڑ دیا مڑ کر ساحل کو نہیں دیکھا

رستے کے مسافر نے منزل کو نہیں دیکھا

کیا حوصلہ تھا اس کا کیا کر وہ گیا لوگو

تھا جوش جنوں حد فاصل کو نہیں دیکھا

وہ لاکھ کرے دعوے پر خاک مجھے سمجھے

جس نے کہ مرے جذب کامل کو نہیں دیکھا

کیا خوب ہے ہمدردی بے درد مہربانو

لاشوں میں الجھتے ہو قاتل کو نہیں دیکھا

طوفاں سے نپٹنا تھا موجوں سے الجھنا تھا

خطرات میں کشتی نے ساحل کو نہیں دیکھا

احساس اسے ہوگا خود جھوٹی گواہی کا

مقتل میں ابھی اس نے بسمل کو نہیں دیکھا

انصاف کا مندر ہے ایماں کا اجالا بھی

کیوں راگؔ کسی نے بھی اس دل کو نہیں دیکھا

مزید غزلیں از صفیہ راگ علوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں