سفیر صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جی میں آتا تو ہے مر جائیں مگر کیسے مریں (غزل)
جی میں آتا تو ہے مر جائیں مگر کیسے مریں
سیکڑوں مشورے ہیں ایسے مریں ایسے مریں
شیشۂ خواب کو دے ماریں کسی پتھر پر
اور اس شور کی جھلائی ہوئی لے سے مریں
عشق میں مرنے کے آداب سے واقف نہیں شہر
دشت اپنائیں کسی ہجر نما شے سے مریں
ان کو اس جشن میں آنے کا کوئی شوق نہیں
آپ کی مرضی ہے جب چاہیں جہاں جیسے مریں
ہم کو تو نشۂ آزار فنا کی ہے طلب
ایسے غم کب ہیں ہمیں جو قدح مے سے مریں
اک تو بس بہر ستم میری طرف دیکھتے ہیں (غزل)
اک تو بس بہر ستم میری طرف دیکھتے ہیں
اس پہ یہ ظلم کہ کم میری طرف دیکھتے ہیں
کاش تو دیکھ لے ان نظروں سے اک بار مجھے
ہائے جن نظروں سے غم میری طرف دیکھتے ہیں
تجھ کو آواز لگاتا ہوں میں تنہائی میں
اور پتھر کے صنم میری طرف دیکھتے ہیں
دیکھ کر ساتھ ہمیں فتوے تو دیتے ہیں مگر
رشک سے اہل حرم میری طرف دیکھتے ہیں
چل تو دیتا ہے تو منہ پھیر کے مجھ سے کہیں اور
پر ترے نقش قدم میری طرف دیکھتے ہیں
میرے کمرے میں پڑی رسی ہو پنکھا ہو یا میز
سب سفیران عدم میری طرف دیکھتے ہیں
نیند جب ہجر میں تج دیتی ہے آنکھوں کو سفیرؔ
خواب بادیدۂ نم میری طرف دیکھتے ہیں