صفدر صدیق رضی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہاں قیام سے بہتر ہے کوچ کر جانا (غزل)
یہاں قیام سے بہتر ہے کوچ کر جانا
وہ با خبر تھا جسے ہم نے بے خبر جانا
ہم اس کے دوست ہیں کیا ذکر وصف یار کریں
جسے خود اس کے رقیبوں نے معتبر جانا
جہاں پہ طاق ہیں بغض و ریا کے فن میں تمام
اس ایک شخص نے اخلاص کو ہنر جانا
کچھ اس کے ساتھ سفر سہل بھی نہیں تھا مگر
اب اس کے بعد تو مشکل ہے لوٹ کر جانا
کسی کا دکھ بھی ہو سمجھا ہے اپنا دکھ اس نے
غریب خانہ کسی کا ہو اپنا گھر جانا
جس وقت آنکھیں خواب آئینہ دل ہوتا ہے (غزل)
جس وقت آنکھیں خواب آئینہ دل ہوتا ہے
شعر نہیں لکھا جاتا نازل ہوتا ہے
تنہا کیوں چلتے ہو کسی کے ساتھ چلو تو
اک رستہ ایسا ہے جو منزل ہوتا ہے
اور کسی کے ہاتھ پہ ہم بیعت نہ کریں گے
دریا صرف سمندر میں شامل ہوتا ہے
زندہ رہنا سہل بہت ہے لیکن انساں
جاں سے گزر جائے تو اس قابل ہوتا ہے
ہر شے نفع نہیں ہر چیز خسارہ نہیں ہے
کچھ کھویا جاتا ہے کچھ حاصل ہوتا ہے
دادو (نظم)
دادو
آپ کے بابا کہاں ہیں
میرے بچے
میرے بابا تو بہت مدت ہوئی
اللہ میاں کے پاس ہیں
اور آپ کی ماما کہاں ہیں
وہ بھی ان کے ساتھ ہیں
اللہ میاں کے پاس
آپ کے بابا بھی
اور ماما بھی
دونوں مر گئے
کیسے مرے تھے
کیا انہیں گولی لگی تھی
بم پھٹا تھا
یا کہیں وہ فیکٹری کی آگ میں
جل کر مرے تھے