صابر آروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مجھ کو تم سے نہیں گلہ کوئی (غزل)
مجھ کو تم سے نہیں گلہ کوئی
درد دل کی بھی ہے دوا کوئی
کیا سناؤں میں قصۂ شب غم
ابتدا ہے نہ انتہا کوئی
اتفاقات ہیں زمانے کے
تیری محفل سے اٹھ گیا کوئی
زخم دل مسکرا اٹھا آخر
دل سے نالہ نکل پڑا کوئی
راہ شوق طلب میں اے ہمدم
ڈھونڈ ہرگز نہ نقش پا کوئی
جستجو ہے تو ان کی منزل کا
مل ہی جائے گا راستہ کوئی
مسکراؤں میں کس طرح صابرؔ
چارہ گر ہی نہیں رہا کوئی
کوئی شکوہ نہ شکایت نہ گلہ رکھا ہے (غزل)
کوئی شکوہ نہ شکایت نہ گلہ رکھا ہے
تیری محفل میں یہی پاس وفا رکھا ہے
نہ تو دستار ہے سر پر نہ قبا جسم پہ ہے
شیخ جی آپ نے کیا حال بنا رکھا ہے
اب تو آ جائیے یاں مجمع رنداں کے قریب
شام ہی سے در مے خانہ سجا رکھا ہے
منتظر آپ کے سب جام بکف بیٹھے ہیں
آپ کے نام کا اک جام اٹھا رکھا ہے
اس خرابے سے خرابی کا تصور ہے گناہ
پارسائی کا بھرم اس نے سوا رکھا ہے
چکھ بھی لیجے کہ نکل جائے ذرا حسرت مے
دل میں مانا کہ بہت خوف خدا رکھا ہے
لے چلے گا طرف دشت بلا شوق نورد
کیا کہیں درد تہ جام میں کیا رکھا ہے
گل و تبسم رنگیں کا اب گلہ نہ کرو (نظم)
گل و تبسم رنگیں کا اب گلہ نہ کرو
بہت اداس چمن سے نسیم گزری ہے
نہ جانے کون سی وادی سے ہو کے آئی تھی
قبائے گل سے الجھتی دو نیم گزری ہے
غضب ہوا بھری محفل میں دست ساقی سے
مے شبانہ سے لبریز جام چھوٹ گیا
اداس اداس ہے شعر و ادب کا مے خانہ
کہ آج ساغر رنگیں اک اور ٹوٹ گیا
بھری بہار کے دن تھے کہ اٹھ گیا کوئی
نگاہ شوق میں سو حسرتیں چھپائے ہوئے
گزر گیا کوئی چپکے سے مسکراتا ہوا
خود اپنے کاندھوں پہ لاش وفا اٹھائے ہوئے
اٹھا کئے ہیں یوں ہی مے کدہ سے دیوانے
ہم اپنے دل پہ یوں ہی داغ سہتے آئے ہیں
اسے نزاکت ساغر کہو کہ تندئ مے
شکست جام کو ہم موت کہتے آئے ہیں
کہاں وہ دور کہ ساقی کی بزم رنگیں میں
عروس زہد کو بخشی گئی قبائے شراب
کہاں یہ دور کہ محفل میں جام رنگیں سے
چھلک رہا ہے لہو ہی لہو بجائے شراب