پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صبا عزیز کی غزلیں — Saba Azeez Ghazals

صبا عزیز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنے ہاتھوں سے سجا اور مجھے صندل کر دے (غزل)

اپنے ہاتھوں سے سجا اور مجھے صندل کر دے

دل کی بستی میں عجب پیار کی ہلچل کر دے

تیری یادوں کا یہ شعلہ بھی عجب ہے جاناں

دل کے شاداب گلستاں کو بھی جنگل کر دے

جذبۂ عشق اگر دل میں ہے اس طرح سے مل

کہ اڑا ہوش مرے اور مجھے پاگل کر دے

آ جا اور آ کے کھلا اپنی محبت کے گلاب

میں ادھوری ہوں ابھی مجھ کو مکمل کر دے

ہم سفر تو ہے اگر میرا تو یہ دھیان بھی رکھ

وادیٔ عشق کی ہر راہ کو جل تھل کر دے

بے وفائی کی سزا تجھ کو دے مولا ایسی

مجھ کو باہوش رکھے اور تجھے پاگل کر دے

ہر مصیبت سے صباؔ ہنس کے گزر جاؤں گی

میرے سر پہ وہ اگر پیار کا بادل کر دے

یہی فقط میری زندگی ہے (غزل)

یہی فقط میری زندگی ہے

تری اطاعت ہی بندگی ہے

وہ آج سیر چمن کو آئے

گلوں کے چہروں پہ تازگی ہے

یہ ان کی ذرہ نوازیاں ہیں

جو دل کی بستی میں تیرگی ہے

جو میں نے پوچھا وفا کا مطلب

وہ ہنس کے بولے دوانگی ہے

یہ ان کا دست کرم ہے مجھ پر

جو بات اب تک بنی ہوئی ہے

یہ زخم دل کی دوا ہے یاروں

صباؔ کی جو شعر و شاعری ہے

مزید غزلیں از صبا عزیز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں