رازی ابوذر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آواز ہم اٹھائیں گے کردار دیکھ کر (غزل)
آواز ہم اٹھائیں گے کردار دیکھ کر
ڈرتے نہیں ہیں ہاتھ میں تلوار دیکھ کر
کچھ تو بتائیں جن کو حکومت پہ ناز ہے
کیا بولنا ہے کوچہ و بازار دیکھ کر
آئے تھے میرے قتل کو تیاریوں کے ساتھ
تیغیں پلٹ گئیں مجھے طیار دیکھ کر
کرنے لگے قلم یہاں ڈر کی غلامیاں
بولی لگی زباں کی خریدار دیکھ کر
منزل قریب ہو کے بھی لگتا ہے دور ہے
تھکنے لگے ہیں پاؤں چمن زار دیکھ کر
رکھتے تھے ہم کھلونے یہیں تتلیوں کے بیچ
گھر یاد آ گیا در و دیوار دیکھ کر
رازیؔ سے ہم کلام تو اکثر ہوئے مگر
ہم گفتگو کریں انہیں اک بار دیکھ کر
لیلیٰ کی کہانی تھی مجنوں کے وہ قصے تھے (غزل)
لیلیٰ کی کہانی تھی مجنوں کے وہ قصے تھے
جب خود پہ نہ گزری تھی سب شوق سے پڑھتے تھے
دشمن کی صفوں میں یوں شامل تھے کچھ اپنے بھی
ہم پیار کے بھوکے تھے وہ خون کے پیاسے تھے
سرمایۂ کل اس کا خوابوں کی کمائی تھی
ٹوٹے ہوئے بکسے میں کچھ تاش کے پتے تھے
اب روز ہے ہنگامہ ہر بات پہ جھگڑے ہیں
نالاں ہیں بڑے ہو کر بچے تھے تو اچھے تھے
یہ آنکھیں کھلیں جیسے ہم روئے بہت رازیؔ
جو خواب بھی دیکھے تھے تعبیر کے جھوٹے تھے