رشکی عظیم آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مر گیا میں درد و غم سے پر نہ آیا یار ہائے (غزل)
مر گیا میں درد و غم سے پر نہ آیا یار ہائے
کس قدر بے رحم ہے یاروں مرا دلدار ہائے
سب سے ملتے جلتے ہو تم ہم سے رہتے ہو جدا
غیر کو گل جانتے ہو اور ہم کو خار ہائے
سب کو عزت ہو جہاں میں ہائے کیسا یہ ستم
تیرا عاشق ہو ذلیل و بے وقار و خوار ہائے
غیر کی چھاتی سے لگ جاتے ہو میرے سامنے
بولنا بھی ہم سے رکھتے ہو پیارے عار ہائے
مر گیا وہ شخص جس سے تم کو ملنا عار تھا
کون تھا وہ تیرا رشکیؔ عاشق سرشار ہائے
صبا اتنا پیغام کہہ یار سے (غزل)
صبا اتنا پیغام کہہ یار سے
نہ محروم رکھ مجھ کو دیدار سے
نہ بلبل سے مطلب نہ گل سے غرض
ہمیں ہے فقط کام دلدار سے
ہمیں زلف و رخ چاہیے یار کا
نہ مصحف سے خوش ہیں نہ زنار سے
کہا تھا کہ آئیں گے آئے نہیں
میاں کیوں پھرے اپنے اقرار سے
ترے غم سے رشکیؔ ہوا جاں بلب
یہ کہہ دینا اس میرے غم خوار سے
مزید غزلیں از رشکی عظیم آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں