پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راشد مفتی کی غزلیں — Rashid Mufti Ghazals

راشد مفتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہاتھ سے چھو کر یہ نیلا آسماں بھی دیکھتے (غزل)

ہاتھ سے چھو کر یہ نیلا آسماں بھی دیکھتے

جو افق کے پار ہیں وہ بستیاں بھی دیکھتے

مطمئن ہیں جو بہت کھلتے دریچے دیکھ کر

وہ کسی دن بند ہوتی کھڑکیاں بھی دیکھتے

اس خرابے میں بھی ممکن ہے کوئی آباد ہو

اک نظر اندر سے یہ اجڑا مکاں بھی دیکھتے

آج جس تن پر نظر آتی ہے زخموں کی قبا

کل اسی تن پر لباس پرنیاں بھی دیکھتے

صرف اخباروں کی سرخی تک رہی جن کی نظر

کاش وہ چہروں پہ لکھی داستاں بھی دیکھتے

کھینچ لائی ہے جنہیں اس در پہ شعلوں کی تپش

کاش وہ اس گھر پہ منڈلاتا دھواں بھی دیکھتے

زخم سینے پر تو راشدؔ سہہ لیا ہم نے مگر

تیر یہ جس سے چلا تھا وہ کماں بھی دیکھتے

محفل میں تو بس وہ سج رہا ہے (غزل)

محفل میں تو بس وہ سج رہا ہے

اپنے کو جو کچھ سمجھ رہا ہے

دستک ترے ہاتھ کی ہے لیکن

دروازہ ہوا سے بج رہا ہے

نکلا تھا میں گھر سے منہ اندھیرے

اب رات کا ایک بج رہا ہے

پھر خود کو دکھائی دے گیا ہوں

پھر سوچ کا تار الجھ رہا ہے

اس دور کا ہے وہی پیمبر

جو اپنے حقوق تج رہا ہے

کیا ہو جو کہیں برس پڑے وہ

اب تک جو فقط گرج رہا ہے

اتنا بھی نہیں ہوں میں تو راشدؔ

جتنا مجھے وہ سمجھ رہا ہے

مزید غزلیں از راشد مفتی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں