راشد خاں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کون پوچھے مزاج پتھر کا (غزل)
کون پوچھے مزاج پتھر کا
ہو گیا ہے وہ آج پتھر کا
راج اس کا بھی پائیدار نہیں
جس کے سر پر ہے تاج پتھر کا
شہر کے لوگ پیار کے بدلے
دے رہے ہیں خراج پتھر کا
میری قسمت میں لکھنے والے نے
کر دیا اندراج پتھر کا
بت بناتے ہیں سر جھکاتے ہیں
کچھ دلوں پر ہے راج پتھر کا
حیف در حیف دور حاضر میں
بن رہا ہے سماج پتھر کا
آج کل یاسمیں کے پھولوں سے
ہو رہا ہے علاج پتھر کا
سنگ دل لوگ غالباً راشدؔ
کھا رہے ہیں اناج پتھر کا
زندگی کو ہر ایک کا غم ہے (غزل)
زندگی کو ہر ایک کا غم ہے
زندگی ہر کسی سے برہم ہے
پھر وہی میں ہوں اور تنہائی
پھر وہی سردیوں کا موسم ہے
ہر جگہ زندگی اکیلی ہے
ہر جگہ زندگی کا ماتم ہے
چار سو حسرتوں کا سناٹا
یہ بھی کیسا عجیب عالم ہے
بے قصوروں کے خون سے بھر دو
ان چراغوں میں روشنی کم ہے
مزید غزلیں از راشد خاں ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں