راشد امین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایک تصویر جو کمرے میں لگائی ہوئی ہے (غزل)
ایک تصویر جو کمرے میں لگائی ہوئی ہے
گھر کی ٹوٹی ہوئی دیوار چھپائی ہوئی ہے
قبر پہ دیپ نہ رکھ نام کا کتبہ نہ لگا
ہم نے مشکل سے یہ تنہائی کمائی ہوئی ہے
تخت اور تاج تو جوتوں میں پڑے رہتے ہیں
وہ گدائی ترے درویش نے پائی ہوئی ہے
ڈھول کا شور قیامت ہے کہ تیری بارات
دوسرے گاؤں سے اس گاؤں میں آئی ہوئی ہے
آنکھ پر شیشہ لگایا ہے کہ محفوظ رہے
تیری تصویر جو پانی میں بنائی ہوئی ہے
پتھر پڑے ہوئے کہیں رستہ بنا ہوا (غزل)
پتھر پڑے ہوئے کہیں رستہ بنا ہوا
ہاتھوں میں تیرے گاؤں کا نقشہ بنا ہوا
آنکھوں کی آب جو کے کنارے کسی کا عکس
پانی میں لگ رہا ہے پرندہ بنا ہوا
صحرا کی گرم دھوپ میں باغ بہشت ہے
تنکوں سے تیرے ہاتھ کا پنکھا بنا ہوا
صندل کے عطر سے تری مہندی گندھی ہوئی
سونے کے تار سے مرا سہرا بنا ہوا
یادوں سے لے رہا ہوں حنائی مہک کا لطف
ٹیبل پہ رکھ کے لونگ کا قہوہ بنا ہوا
میلے میں ناچتی ہوئی جٹی کے رقص پر
یاروں کے درمیان ہے جھگڑا بنا ہوا