پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رشید اعجاز کی غزلیں — Rasheed Ejaz Ghazals

رشید اعجاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گئے دنوں کی مسافرت کا بہ یک قلم اشتہار لکھنا (غزل)

گئے دنوں کی مسافرت کا بہ یک قلم اشتہار لکھنا

مرے پسینے کا پیار لکھنا لہو کا اپنے قرار لکھنا

عجب ہے کیا میری سمت آ کر تمام پتھر مہک اٹھیں گے

تمہارے اطراف کس قدر ہے مرے خطوں کا حصار لکھنا

دلیل چاہے اگر قلم میری طرح آنکھوں کو موند لینا

تمام اندھی نگاہ والوں کو بے جھجک شب گزار لکھنا

حنا کو ترسے ہوئے کف پا کا جال ٹک رک کے پوچھ لینا

کہاں تلک آبداریوں میں ہے سرخ سبزے کی دھار لکھنا

اکھڑ کے دہلیز در کی چوکھٹ سے کتنی دور پہ جا پڑی ہے

ہے کتنی شدت سے ان رتوں میں تمہیں میرا انتظار لکھنا

میں جانتا ہوں کھٹک رہی ہے تمہیں مری منتشر دماغی

بھرے پرے شہر میں اتر کر مرا مجھے بے دیار لکھنا

آنکھوں میں زندگی کے تماشے اچھال کر (غزل)

آنکھوں میں زندگی کے تماشے اچھال کر

اے غربت نگاہ نہ اتنے سوال کر

رہنے دے آسمان کو اک پردۂ خیال

لیکن زمیں کو سایۂ جنت بحال کر

کوئی طلب نہیں ہے تری بارگاہ سے

ہم بے خیال آئے ہیں اتنا خیال کر

آرام جاں ہیں ہم کو یہی سرسراہٹیں

پچھتانے والے ہم نہیں سانپوں کو پال کر

آ رکھ دے ہاتھ سینۂ آتش مزاج پر

کب تک رکھیں گے تیری امانت سنبھال کر

وہ بے زباں غریب نہ کھا جائے کوئی تیر

بے چپن ہو گیا ہوں کبوتر اچھال کر

اعجازؔ اب کے سرخ گلابوں سے کام لے

تیشے کی آس چھوڑ دے پتھر کو لعل کر

نور کی بے اعتنائی (نظم)

نور کی بے اعتنائی

جس طرح تاریکیاں

جس طرح بنیاد شر ہے

خیر کی خاموشیاں

چھاؤں جیسے

دھوپ کی ہے بے بسی

ہر سزا کا جس طرح رد عمل ہے سرکشی

جیسے اک ڈالی کے ہیں دو پھول

خوف و اعتقاد

خود فریبی کی جڑوں کو گھاؤ پہنچاتا ہے

جیسے اعتماد

جس طرح پرچھائیں ٹھہرے جذب کی کم مائیگی

دشمنی کا تخم جیسے دوستی

حبس

جیسے ہے بگولوں کا خدا

جس طرح پرواز کا ہے خبط مرہون ہوا

جس طرح خالق تصور کا دماغ

جیسے سورج کی توانائی چراغ

ہاں

کچھ ایسا ہی تعلق

تیرے میرے درمیاں ہے

خواب سا اک رشتۂ سود و زیاں ہے

مزید غزلیں از رشید اعجاز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں