رسا دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ کوئی گستاخ پاگل منچلا تھا میں نہ تھا (غزل)
وہ کوئی گستاخ پاگل منچلا تھا میں نہ تھا
آپ کو چھیڑا تھا جس نے دوسرا تھا میں نہ تھا
میں نے دانستہ ہٹائی کب ترے رخ سے نقاب
وہ تو میری عقل پر پردہ پڑا تھا میں نہ تھا
ہاتھ ٹوٹیں میں نے جو چھیڑی ہوں زلفیں آپ کی
آپ کے سر کی قسم دست صبا تھا میں نہ تھا
میکدے میں جو گیا تھا منہ چھپا کر رات کو
محتسب اک آپ جیسا پارسا تھا میں نہ تھا
میرے ہوتے رشتہ قائم کر لیا کیوں غیر سے
موت آئی تھی مجھے کیا مر گیا تھا میں نہ تھا
حسن مطلق جلوہ گر تھا ماسوا سے پیشتر
میں کہاں تھا مجھ سے پہلے ہی خدا تھا میں نہ تھا
پیکر پیکار سے پیکار آدھی رہ گئی (غزل)
پیکر پیکار سے پیکار آدھی رہ گئی
اس کا غصہ کم ہوا تکرار آدھی رہ گئی
طور پر موسیٰ نے دیکھی اک جھلک تو کیا ہوا
آدھی نکلی حسرت دیدار آدھی رہ گئی
کیوں ہوئے خانہ نشیں یہ کیا کیا تم نے ستم
گھر سے نکلو گرمئ بازار آدھی رہ گئی
ہیں بہت محکم قفس کی تیلیاں منقار سے
سعیٔ پیہم سے لو اب منقار آدھی رہ گئی