پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رانا محمد یوسف کی غزلیں — Rana Mohammad Yusuf Ghazals

رانا محمد یوسف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیسے کٹا یہ شب کا سفر دیکھنا بھی ہے (غزل)

کیسے کٹا یہ شب کا سفر دیکھنا بھی ہے

بجھتے دیے نے وقت سحر دیکھنا بھی ہے

بے نام چاہتوں کا اثر دیکھنا بھی ہے

شاخ نظر پہ حسن ثمر دیکھنا بھی ہے

اب کے اسے قریب سے چھونا بھی ہے ضرور

پتھر ہے آئنہ کہ گہر دیکھنا بھی ہے

یہ شہر چھوڑنا ہے مگر اس سے پیشتر

اس بے وفا کو ایک نظر دیکھنا بھی ہے

ان آنسوؤں کے ساتھ بصارت ہی بہہ نہ جائے

اتنا نہ رو اے دیدۂ تر دیکھنا بھی ہے

ممکن نہیں ہے اس کو لگاتار دیکھنا

رک رک کے اس کو دیکھ اگر دیکھنا بھی ہے

منظر ہے دل خراش مگر دل کا کیا کریں

گو دیکھنا نہیں ہے مگر دیکھنا بھی ہے

اس آس پر کھڑے ہیں کہ اک بار یوسفیؔ

اس نے ذرا پلٹ کے ادھر دیکھنا بھی ہے

کس لیے چپ ہوں وضاحت بھی نہیں کر سکتا (غزل)

کس لیے چپ ہوں وضاحت بھی نہیں کر سکتا

میں محبت میں شکایت بھی نہیں کر سکتا

ایک اک کر کے پرندوں نے تو ہجرت کر لی

پیڑ ہوں پیڑ تو ہجرت بھی نہیں کر سکتا

کیا مجھے سانس بھی لینے کی اجازت نہیں ہے

کیا میں اک اور محبت بھی نہیں کر سکتا

کیا زمانہ ہے کہ اس عہد زیاں میں کوئی شخص

اپنے بچوں کو نصیحت بھی نہیں کر سکتا

کون سا خوف رگ و پے میں سمایا ہے کہ اب

میں برائی کی مذمت بھی نہیں کر سکتا

اب کسی اشک کو کیا آنکھ میں رکھا جائے

اشک جو غم کی حفاظت بھی نہیں کر سکتا

سامنا ہو تو زباں دل کا نہیں دیتی ساتھ

کچھ بتانے کی میں ہمت بھی نہیں کر سکتا

سانحہ یہ ہے اسے مجھ سے جدا ہونا ہے

اور ستم یہ کہ میں رخصت بھی نہیں کر سکتا

مزید غزلیں از رانا محمد یوسف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں