پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رئیس الدین رئیس کی غزلیں — Raeesuddin Raees Ghazals

رئیس الدین رئیس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ورق ورق تجھے تحریر کرتا رہتا ہوں (غزل)

ورق ورق تجھے تحریر کرتا رہتا ہوں

میں زندگی تری تشہیر کرتا رہتا ہوں

بہت عزیز ہے مجھ کو مسافتوں کی تھکن

سفر کو پاؤں کی زنجیر کرتا رہتا ہوں

مصوروں کو ہے زعم مصوری لیکن

میں اپنی زیست کو تصویر کرتا رہتا ہوں

میں سونپ دیتا ہوں ہر رات اپنے خوابوں کو

ہر ایک صبح کو تعبیر کرتا رہتا ہوں

سپر بناتا ہوں لفظوں کو شعر میں لیکن

قلم کو اپنے میں شمشیر کرتا رہتا ہوں

ہزار عیب خود اپنے ہی نام میں لکھ کر

میں تیری رائے ہمہ گیر کرتا رہتا ہوں

وہ میری فکر میں بدلے کا زہر گھولتا ہے

مگر میں زہر کو اکسیر کرتا رہتا ہوں

میں شہر شہر بھٹکتا ہوں اور روزانہ

خود اپنی ذات کی تعمیر کرتا رہتا ہوں

لکھے ہیں حصے میں میرے رئیسؔ سناٹے

نوائے وقت کی تسخیر کرتا رہتا ہوں

کوئی ثبوت نہ ہوگا تمہارے ہونے کا (غزل)

کوئی ثبوت نہ ہوگا تمہارے ہونے کا

نہ آیا فن جو قلم خون میں ڈبونے کا

ہر ایک بات پہ بس قہقہے برستے ہیں

یہ طرز کتنا نرالا ہے دل کے رونے کا

شروع تم نے کیا تھا تمہیں بھگتنا ہے

جو سلسلہ تھا غلط فہمیوں کو بونے کا

شناخت ہو تو گئی اپنے اور پرائے کی

نہیں ہے غم مجھے عمر عزیز کھونے کا

رئیسؔ فکر سخن رات بھر جگاتی ہے

کوئی بھی وقت مقرر نہیں ہے سونے کا

مزید غزلیں از رئیس الدین رئیس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں