رئیسہ خمار آرزو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ملے ہیں زخم جو دل کو گلاب کیا دیتے (غزل)
ملے ہیں زخم جو دل کو گلاب کیا دیتے
اجاڑ دشت کو ریشم کا خواب کیا دیتے
جو تیرگی کی حدوں میں کھڑا رہا خود ہی
ہم ایسے شخص کو پھر ماہتاب کیا دیتے
نچوڑ لائے ہیں آنکھوں سے عمر بھر کا ملال
اب اس سے بڑھ کے تمہیں ہم شراب کیا دیتے
ہمارے پاس بچی تھی فقط ہماری انا
تو اور اس کے علاوہ جناب کیا دیتے
کتاب زیست کے اوراق تھے سبھی خالی
تمہارے نام کا ہم انتساب کیا دیتے
خرید لائے تھے بازار مصر سے خود کو
تمہیں ہم اپنی وفا کا حساب کیا دیتے
ہماری بزم کے منظر ہی جب ہوئے خاموش
کسی پکار کا کوئی جواب کیا دیتے
تھے خود ہی پیاس کے صحرا میں ہم تو گم اے خمارؔ
کسی کو جھیل کا ہم پھر سراب کیا دیتے
اس طرح بھی تو خدا ہی کی عبادت کی ہے (غزل)
اس طرح بھی تو خدا ہی کی عبادت کی ہے
ہم نے ہر دور میں انساں سے محبت کی ہے
روشنی بانٹتے رہنا ہے ہمارا شیوہ
ہم نے جلتے ہوئے سورج سے رفاقت کی ہے
زلفوں کے سائے میں آرام بھلا کیا کرتے
ہم نے صحرا کی تپش میں بھی ریاضت کی ہے
کانچ کے گھر میں سجا کر ہمیں رکھا اس نے
ہم نے تو سنگ در جاں کی حفاظت کی ہے
ہم نے اشکوں سے لکھا اپنی وفا کا قصہ
اور غزلوں میں بیاں دل کی حکایت کی ہے
غم کے پردے میں جو ہنستے ہیں سمجھ سکتے ہیں
کس جگہ ہم سے تبسم نے بغاوت کی ہے
شاعری نے ہی دیا نام زمانے میں ہمیں
آرزوؔ ہم نے سخن کی ہی حمایت کی ہے