رئیس انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بیتے ہوئے لمحوں کو سوچا تو بہت رویا (غزل)
بیتے ہوئے لمحوں کو سوچا تو بہت رویا
جب میں تری بستی سے گزرا تو بہت رویا
پتھر جسے کہتے تھے سب لوگ زمانے میں
کل رات نہ جانے کیوں رویا تو بہت رویا
بچپن کا زمانہ بھی کیا خوب زمانہ تھا
مٹی کا کھلونا بھی کھویا تو بہت رویا
جو جنگ کے میداں کو اک کھیل سمجھتا تھا
ہارے ہوئے لشکر کو دیکھا تو بہت رویا
جو دیکھ کے ہنستا تھا ہم جیسے فقیروں کو
شہرت کی بلندی سے اترا تو بہت رویا
ٹھہرا تھا جہاں آ کر اک قافلہ پیاسوں کا
اس راہ سے جب گزرا دریا تو بہت رویا
کوئی درخت کوئی سائباں رہے نہ رہے (غزل)
کوئی درخت کوئی سائباں رہے نہ رہے
بزرگ زندہ رہیں آسماں رہے نہ رہے
کوئی تو دے گا صدا حرف حق کی دنیا میں
ہمارے منہ میں ہماری زباں رہے نہ رہے
ہمیں تو پڑھنا ہے میدان جنگ میں بھی نماز
مؤذنوں کے لبوں پر اذاں رہے نہ رہے
ہمیں تو لڑنا ہے دنیا میں ظالموں کے خلاف
قلم رہے کوئی تیر و کماں رہے نہ رہے
یہ اقتدار کے بھوکے یہ رشوتوں کے وزیر
بلا سے ان کا یہ ہندوستاں رہے نہ رہے
خدا کرے گا سمندر میں رہنمائی بھی
یہ ناؤ باقی رہے بادباں رہے نہ رہے