پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رباب رشیدی کی غزلیں — Rabab Rashidi Ghazals

رباب رشیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دھوپ رخصت ہوئی شام آئی ستارا چمکا (غزل)

دھوپ رخصت ہوئی شام آئی ستارا چمکا

گرد جب بیٹھ گئی نام تمہارا چمکا

ہر طرف پانی ہی پانی نظر آتا تھا مجھے

تم نے جب مجھ کو پکارا تو کنارا چمکا

مسکراتی ہوئی آنکھوں سے ملا اذن سفر

شہر سے دور نہ جانے کا اشارا چمکا

ایک تحریر کہ جو صاف پڑھی بھی نہ گئی

مگر اک رنگ مرے رخ پہ دوبارا چمکا

آج اک خواب نے پھر ذہن میں انگڑائی لی

اور طوفان میں تنکے کا سہارا چمکا

سازگار آنے لگی تھی ہمیں خلوت لیکن

جی میں کیا آئی کہ پھر ذوق نظارا چمکا

جھلملانے لگیں محفل میں چراغوں کی لویں

رخصت اے ہم نفسو صبح کا تارا چمکا

تجھ سے جب تک اس طرح اپنی شناسائی نہ تھی (غزل)

تجھ سے جب تک اس طرح اپنی شناسائی نہ تھی

اپنے گھر جیسی تو صحرا میں بھی تنہائی نہ تھی

اب تو رشک آتا ہے خود اپنے ہی جملوں پر ہمیں

اس سے پہلے تھی مگر یہ شان گویائی نہ تھی

اب مجھے کیوں اپنے مستقبل کا آتا ہے خیال

آج تک شاید مرے ہم راہ دانائی نہ تھی

تجربوں کے واسطے کچھ لغزشوں کی چھوٹ ہے

اب میں سمجھا کیوں مجھے ہر بات سمجھائی نہ تھی

عالم حیرت میں گزرے ہیں وہاں سے بھی جہاں

زندگی اپنی طرح بے عکس و بے آئینہ تھی

وہ کہاں ہے منظروں میں ڈھونڈتے ہو تم جسے

گھر سے کیوں نکلے تھے جب نظروں میں رعنائی نہ تھی

تجھ سے ملنے تک نہ تھا خود اعتمادی کا پتا

اور کچھ اپنی طبیعت نے جلا پائی نہ تھی

ویسے تو اب تک بنائیں کتنی تصویریں ربابؔ

شوق کی حد تک مگر رنگوں میں گہرائی نہ تھی

مزید غزلیں از رباب رشیدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں