پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راز مراد آبادی کی غزلیں — Raaz Muradabadi Ghazals

راز مراد آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چمن میں آتش گل بھی نہیں دھواں بھی نہیں (غزل)

چمن میں آتش گل بھی نہیں دھواں بھی نہیں

بہار تو یہ نہیں ہے مگر خزاں بھی نہیں

بچھڑ گئے ہیں کہاں ہم سفر خدا جانے

نقوش پا بھی نہیں گرد کارواں بھی نہیں

طواف کعبہ کیا بت کدہ بھی دیکھ آئے

سکون قلب یہاں بھی نہیں وہاں بھی نہیں

قفس ہے گوشۂ راحت قفس ہے دار اماں

غم چمن بھی نہیں فکر آشیاں بھی نہیں

کہاں کے گیت کہاں کی غزل کہ ہم سخنو

بہت دنوں سے ہمیں جرأت فغاں بھی نہیں

بھری بہار میں دامن دریدہ ہیں ہم لوگ (غزل)

بھری بہار میں دامن دریدہ ہیں ہم لوگ

ہمیں تھا زعم بہار آفریدہ ہیں ہم لوگ

یہ اور بات کہ دامن دریدہ ہیں ہم لوگ

بہ فیض عشق مگر سر کشیدہ ہیں ہم لوگ

ہم آئنہ ہیں مگر عکس ذات سے محروم

تری صدا ہیں مگر ناشنیدہ ہیں ہم لوگ

جہاں جہاں بھی گئے ہیں مہک اٹھی ہے فضا

ترے فراق کی بوئے رسیدہ ہیں ہم لوگ

کڑی ہے دھوپ شجر ہے نہ سایۂ دیوار

بچھڑ کے اس سے سکوں نا چشیدہ ہیں ہم لوگ

یہ کس نے آئنہ سازی کا فن کیا ایجاد

یہ آئنے ہیں کہ چہرہ بریدہ ہیں ہم لوگ

مزید غزلیں از راز مراد آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں