قربان آتش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ سمجھا ہوں نہ سمجھایا گیا ہوں (غزل)
نہ سمجھا ہوں نہ سمجھایا گیا ہوں
بڑی الجھن میں الجھایا گیا ہوں
سبب پوچھو نہ میری تشنگی کا
اک اک قطرے کو ترسایا گیا ہوں
مجھے جو دیکھتے ہو اس زمیں پر
فلک سے توڑ کر لایا گیا ہوں
کہاں اب ڈھونڈتے ہو خاک میری
ہوا کے ساتھ ہی آیا گیا ہوں
سزائیں مجھ کو کیسی مل رہی ہیں
میں مجرم کس کا ٹھہرایا گیا ہوں
شعور آئے کہاں سے میرے اندر
غلط جو راہ دکھلایا گیا ہوں
نیا لہجہ نیا منظر نیا پندار ہو پیدا (غزل)
نیا لہجہ نیا منظر نیا پندار ہو پیدا
مرے نغموں سے ایسی رونق گلزار ہو پیدا
یہی تھا مصلحت اندیش موسم کا تقاضا کیا
صدائے خامشی سے اک نئی گفتار ہو پیدا
بکھر جاتا ہے سب شیرازۂ امن و سکوں آخر
اگر بستی میں کوئی آدمی خوں خوار ہو پیدا
کہاں برداشت ہو سکتا ہے یہ مجھ سے کسی صورت
ثمر پکنے سے پہلے ہی کوئی حق دار ہو پیدا
ہمیشہ چھیڑتا ہوں ساز اپنے کہنہ زخموں کا
مرے دل کے بیاباں میں کوئی گلزار ہو پیدا
یہی میں چاہتا ہوں اے غزالہ دشت و صحرا میں
کہ اب میرے جنوں سے گرمئ بازار ہو پیدا
مضامیں غیب سے آتے نہیں آتشؔ تو کیا کچے
کہاں سے شعر کوئی بھی مرا تہہ دار ہو پیدا