قمر صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جتنا تھا جینا جی لیے مر جانا چاہیے (غزل)
جتنا تھا جینا جی لیے مر جانا چاہیے
حد ہو گئی تو حد سے گزر جانا چاہیے
ٹھہرے ہوئے ہیں کب سے یہ مہمان کی طرح
آنکھوں سے آنسوؤں کو بکھر جانا چاہیے
یہ کیا کہ روز قصے میں تم شیر ہی بنو
یارو کبھی کبھار تو ڈر جانا چاہیے
اس کی گلی میں جور و جفا عام ہے بہت
اس کی گلی میں یار مگر جانا چاہیے
اب کے تو معرکہ ہے بہت سخت زیست کا
اب کے تو معرکے میں یہ سر جانا چاہیے
چل تو رہے ہیں لوگ یہاں قافلے کے ساتھ
لیکن پتہ نہیں ہے کدھر جانا چاہیے
یوں تو مشاعروں سے یہ جی بھر گیا مگر
کہنا عبیدؔ کا ہے قمرؔ جانا چاہیے
کیا رنج کہ یوسف کا خریدار نہیں ہے (غزل)
کیا رنج کہ یوسف کا خریدار نہیں ہے
یہ شہر کوئی مصر کا بازار نہیں ہے
کیوں میری گرفتاری پہ ہنگامہ ہے ہر سو
وہ کون ہے جو تیرا گرفتار نہیں ہے
کس کس پہ عنایت نہ ہوئی تیری نظر کی
بس ایک مری سمت گہر بار نہیں ہے
کیوں جرأت اظہار پہ حیران ہو میری
ابرو ہیں تمہارے کوئی تلوار نہیں ہے
سایہ ہے مرے سر پہ قمرؔ دھوپ شجر کا
بیٹھا ہوں جہاں سایۂ دیوار نہیں ہے