پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قادر صدیقی کی غزلیں — Qadir Siddiqi Ghazals

قادر صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنی محبتوں کا یہ اچھا صلہ ملا (غزل)

اپنی محبتوں کا یہ اچھا صلہ ملا

جو بھی ملا مجھے وہ مجھی سے خفا ملا

تجھ سے بچھڑ کے بھی میں نہ تجھ سے بچھڑ سکا

جس راہ پر گیا میں ترا نقش پا ملا

اہل کرم کی بھیڑ سے گزری ہے زندگی

تجھ سا مگر کوئی نہ کرم آشنا ملا

دنیا جفا شعار رہی ہے یہ سچ سہی

اے رہ نورد راہ وفا تجھ کو کیا ملا

اس کو قیود عقل نے دیوانہ کر دیا

باہر ملا مجھے تو وہ اچھا بھلا ملا

خوشیاں ملیں تو آنکھ جھپکنے کی دیر تک

غم جو ملا مجھے وہ بہت دیر پا ملا

اس مختصر حیات میں کس کس کو روئیے

ہر مرحلہ حیات کا صبر آزما ملا

نادیدہ اک کشش ہے نہیں جس کا کوئی نام

دل سے نگاہ تک اک عجب سلسلہ ملا

بے اعتنائیوں سے ملی تاب ضبط غم

تیری نوازشوں سے مجھے حوصلہ ملا

تیرا کرم ہے تیری عنایت ہے اے جنوں

میں جس کو ڈھونڈھتا تھا مجھی میں چھپا ملا

قادرؔ بہت نہال ہے اپنی شکست پر

بازی لگائی دل کی تو اس کا مزہ ملا

بدلی ہوئی نظروں سے اب بھی انداز پرانے مانگے ہے (غزل)

بدلی ہوئی نظروں سے اب بھی انداز پرانے مانگے ہے

دل میرا کتنا مورکھ ہے وہ بیتے زمانے مانگے ہے

مدت ہوئی دل تاراج ہوئے مدت ہوئی رشتوں کو ٹوٹے

دنیا ہے کہ ظالم آج بھی وہ رنگین فسانے مانگے ہے

دل ہے کہ وہ ہے مرجھایا سا ہر آس کا چہرہ ہے اترا

ہر دوست مرا پھر بھی مجھ سے خوشیوں کے خزانے مانگے ہے

حالات نے آنسو بخشے ہیں تقدیر میں رونا لکھا ہے

اور وقت نہ جانے کیوں مجھ سے ہونٹوں پہ ترانے مانگے ہے

عقل اور خرد دونوں مجھ کو دیتی ہیں دعائیں جینے کی

احساس مرا مجھ سے لیکن مرنے کے بہانے مانگے ہے

بستی کیسی محفل کیسی کیسے کوچے کیسے بازار

دنیا سے جہاں چھپ کر رو لے دل ایسے ٹھکانے مانگے ہے

ہر چاہ کا بدلہ چاہت ہو ہر پیار کا پیارا ہو انجام

کچھ سوچ ذرا تو دنیا سے کیا چیز دوانے مانگے ہے

مزید غزلیں از قادر صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں