پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پروندر شوخ کی غزلیں — Parvindar Shokh Ghazals

پروندر شوخ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لبوں سے آنکھ سے رخسار سے کیا کیا نہیں کرتا (غزل)

لبوں سے آنکھ سے رخسار سے کیا کیا نہیں کرتا

وہ جادو کون سا ہے جو کہ وہ چہرہ نہیں کرتا

میں سارے کاغذوں پہ ایک مصرعہ لکھ کے رکھوں گا

وہ جب تک آ کے میرے شعر کو پورا نہیں کرتا

فسادوں میں جو شامل ہیں وہ مہرے ہیں سیاست کے

خود اپنے آپ کوئی بھی یہاں دنگا نہیں کرتا

ہواؤں میں نگر کی اس قدر کچھ زہر پھیلا ہے

نہ گل دیتے ہیں خوشبو پیڑ بھی سایا نہیں کرتا

جو لکھتا ہوں وہ ہوتا ہے فقط تسکین کی خاطر

میں اپنی شاعری کا شہر میں سودا نہیں کرتا

مجھے منظور ہے بیمار رہنا عمر بھر یوں ہی

وہ جب تک ہاتھ سے چھو کر مجھے اچھا نہیں کرتا

چلو مانا کہ اپنی اہمیت ہے شوخؔ دولت کی

زمانے میں مگر ہر کام ہی پیسہ نہیں کرتا

ذرا سوچا تو کیا کیا ذہن سے منظر نکل آئے (غزل)

ذرا سوچا تو کیا کیا ذہن سے منظر نکل آئے

مرے احساس کے کچھ کھنڈروں سے گھر نکل آئے

لگیں دینے سبق وہ پھر پرندوں کو اڑانوں کا

ذرا سے شہر میں جب چینٹیوں کے پر نکل آئے

یہ عالم ہے کہ جب بھی گھر میں کچھ ڈھونڈنے بیٹھا

پرانے کاغذوں سے یاد کے منظر نکل آئے

لگا جب یوں کہ اکتانے لگا ہے دل اجالوں سے

اسے محفل سے اس کی الوداع کہہ کر نکل آئے

دکھائی دے کبھی یہ معجزہ بھی مجھ کو الفت میں

کسی شب چاند بن کر وہ مری چھت پر نکل آئے

ملے ہیں زخم جب سے شوخؔ وہ گلشن سے برتا ہے

بھروسہ کچھ نہیں کس پھول سے پتھر نکل آئے

مزید غزلیں از پروندر شوخ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں