پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پروین سلطانہ صباؔ کی غزلیں — Parveen Sultana Saba Ghazals

پروین سلطانہ صباؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حسن کی اک چنگاری نے کیا خوب لگائی عشق کی آگ (غزل)

حسن کی اک چنگاری نے کیا خوب لگائی عشق کی آگ

رخ پر زلف کا جھونکا آیا اور لہرائی عشق کی آگ

آنکھ سے نکلی اک دستک نے دل دروازہ کھول دیا

پیار کا اک گلدستہ تھامے ملنے آئی عشق کی آگ

ساتھ میں جینا ساتھ میں مرنا رشتہ اپنی صدیوں کا

ہمجولی ہو اپنی جیسے یا ماں جائی عشق کی آگ

پیر میں چکر ہاتھ میں کاسہ دل والوں کی بستی میں

پیار کی دولت لینے نکلے ہاتھ میں آئی عشق کی آگ

ہجر کے تپتے صحرا میں اک یاد کے گھونٹ سے دم آیا

بالکل جان نکلنے کو تھی جب پہنچائی عشق کی آگ

اس ظالم کی نظروں میں کچھ جادو جیسی بات تو تھی

پہلے پیار کا روپ سجایا پھر سلگائی عشق کی آگ

ہجر کے ہاتھوں دل کی زمیں پر ناگ پھنی جب کاشت ہوئے

ہم نے یاد کی کلیاں سونگھیں اور مہکائی عشق کی آگ

دنیا بھر کی نہریں دریا اور سمندر سوکھ گئے

سوہنی اپنے کچے گھڑے میں جب بھر لائی عشق کی آگ

یوں تو صباؔ ہم ہر موسم میں آگ میں زندہ جلتے ہیں

ساون کی رت نے لیکن کھل کر برسائی عشق کی آگ

جب نیا موڑ لینے کو تھی زندگی وقت نے اک نئی داستاں بخش دی (غزل)

جب نیا موڑ لینے کو تھی زندگی وقت نے اک نئی داستاں بخش دی

نام ان کا مرے دل پہ کندہ کیا یوں مجھے زندگی جاوداں بخش دی

اس کی نظروں نے کچھ ایسا جادو کیا طاقچوں میں دئے جھلملانے لگے

اک دیا جل اٹھا حجرۂ قلب میں جس نے الفت کو صوت اذاں بخش دی

میری آنکھیں مرے کان میری زباں حاکم وقت نے رہن میں رکھ لیے

ہاتھ پیروں کو کٹوا دیا بعد میں پر یہ احساں کیا میری جاں بخش دی

حسن کو دی ادا عشق کو دی وفا اس طرح سے مساوات قائم ہوئی

جن سے قائم مساوات ہو نہ سکی ان کو اک فکر سود و زیاں بخش دی

دولت عشق کی تھیں فراوانیاں ہجر کا مال کھل کر خریدا گیا

میری پلکوں پہ روشن ستارے کئے اس طرح سے مجھے کہکشاں بخش دی

خاک کو خاک کرنا ہی مقصد تھا جب کس لئے پھر زمیں پر خلیفہ کیا

نیکیوں کے لئے کم ملائک نہ تھے ہم کو یہ ذمہ داری کہاں بخش دی

اے صباؔ ہم تو گونگی رعایا میں تھے ظلم کے سامنے لب ہلاتے نہ تھے

بولنا آ گیا ہم کو حق کے لئے اس نے جب سے قلم کو زباں بخش دی

ساتھ خوشبو کے روشنی سمٹی (نظم)

ساتھ خوشبو کے روشنی سمٹی

چودھویں شب کی چاندنی سمٹی

عکس میرا ہے تیری نظروں میں

ایک نقطے پہ زندگی سمٹی

تو نے بانہوں میں بھر لیا ایسے

بیچ شاخوں کے اک کلی سمٹی

اک کرامت سے دل کی دھڑکن میں

اک صباؔ خیز دل کشی سمٹی

مزید غزلیں از پروین سلطانہ صباؔ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں