پلو مشرا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تمہاری دنیا کے باہر اندر بھٹک رہا ہوں (غزل)
تمہاری دنیا کے باہر اندر بھٹک رہا ہوں
میں بعد ترک جہاں یہیں پر بھٹک رہا ہوں
میں تجھ سے ملنے سمے سے پہلے پہنچ گیا تھا
سو تیرے گھر کے قریب آ کے بھٹک رہا ہوں
میں ایک خانہ بدوش ہوں جس کا گھر ہے دنیا
سو اپنے کاندھوں پہ لے کے یہ گھر بھٹک رہا ہوں
میں ہر قدم پر سنبھل سنبھل کر بھٹکنے والا
بھٹکنے والوں سے کافی بہتر بھٹک رہا ہوں
تمہیں آنسو بہانے کو بھی مل جائیں کئی کندھے (غزل)
تمہیں آنسو بہانے کو بھی مل جائیں کئی کندھے
مگر مجھ کو اذیت میں پریشاں کون دیکھے گا
تمہیں جو اس کی خاطر جاگتے بیٹھے رہے شب بھر
جو اب سو جاؤ تو صبح درخشاں کون دیکھے گا
میں بھاگا تو چلا آؤں تمہاری اک ندا سن کر
سر وقت جنوں انکار درباں کون دیکھے گا
میں تیرے ہجر میں بیٹھا ہوا کچھ پھول گن لوں گا
میان بے دلی رنگ گلستاں کون دیکھے گا
تمہیں کیوں فکر رہتی ہے مرے پندار کی جاناں
تمہارے رخ کے آگے مجھ کو عریاں کون دیکھے گا