اویس جمال شمسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آنکھوں میں جب سے روح بصارت نہیں رہی (غزل)
آنکھوں میں جب سے روح بصارت نہیں رہی
خوابوں کو بھی لباس کی حاجت نہیں رہی
وہ پیار وہ خلوص وہ چاہت نہیں رہی
پہلی کی بھائیوں میں محبت نہیں رہی
تو بھی فریب ذات سے باہر نہ آ سکا
مجھ میں بھی اعتماد کی طاقت نہیں رہی
اچھا کیا ہے آپ نے دل میرا توڑ کر
آئینہ توڑنے کی ضرورت نہیں رہی
سڑکوں نے پہن رکھا ہے صحراؤں کا لباس
لگتا ہے اب لہو کی تجارت نہیں رہی
دل زخم زخم ہو گیا مدت ہوئی جناب
گلدان کو گلوں کی ضرورت نہیں رہی
جذبے بغاوتوں میں ہوئے کامیاب اویسؔ
اب شہر دل پر ان کی حکومت نہیں رہی
شعور ذات کا آہو مرے وجود میں ہے (غزل)
شعور ذات کا آہو مرے وجود میں ہے
کسی کے پیار کی خوشبو مرے وجود میں ہے
اب اپنی ذات کا عرفان ہو گیا ہے مجھے
تری نگاہ کا جادو مرے وجود میں ہے
میں اپنے جسم کی خوشبو سے مست رہتا ہوں
عروس لالہ و گل تو مرے وجود میں ہے
کہاں میں اور کہاں فکر شاعری جاناں
کوئی نہ کوئی سخن جو مرے وجود میں ہے
نگاہ شوق سے تکتا ہے آئنہ مجھ کو
مجھے یقیں ہے وہ مہ رو مرے وجود میں ہے
مجھے بھی شبنمی صبحیں سہانی لگتی ہیں
جو تو نہیں تو تری خو مرے وجود میں ہے
ازل سے تار نفس تولتا رہا ہوں اویسؔ
حساب جاں کا ترازو مرے وجود میں ہے