Noor Ahmad Shaikh کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چند لمحوں کی فراغت ہے میسر جاناں (غزل)
چند لمحوں کی فراغت ہے میسر جاناں
پھر کہاں حسن و محبت کا یہ منظر جاناں
آنکھ بھر کر تجھے اے جان جہاں دیکھ تو لوں
جانے لے جائے کہاں کل کو مقدر جاناں
یہ دہکتے ہوئے رخسار پہ رنگیں آنچل
کاش قائم رہے کچھ دیر ی منظر جاناں
یہ چمن زار یہ کہسار یہ بھیگا موسم
اس پہ تیرا یہ نکھرتا ہوا پیکر جاناں
گرم قہوے کی مہک اور یہ بوندا باندی
یہ سرائے یہ حسیں شام کا منظر جاناں
کتنے طوفان مچلتے ہیں مرے سینے میں
دل ہے جذبات کا بہتا ہوا ساگر جاناں
کیف و مستی کے وہ لمحات حسیں خواب ہوئے
اب کہاں حسن و محبت کا وہ منظر جاناں
کوئی نظروں میں سمائے تو غزل ہوتی ہے (غزل)
کوئی نظروں میں سمائے تو غزل ہوتی ہے
چاہ دیوانہ بنائے تو غزل ہوتی ہے
درد جب حشر جگائے تو غزل ہوتی ہے
آہ جب راہ نہ پائے تو غزل ہوتی ہے
جام پر جام چھلکتے ہوں تری نظروں کے
اور گھٹا جھوم کے آئے تو غزل ہوتی ہے
دل کو دیوانۂ دیدار بنا کر کوئی
پردہ چہرے سے اٹھائے تو غزل ہوتی ہے
ہو کے مائل بہ کرم غیر پہ دلبر کوئی
دل پہ آرا سا چلائے تو غزل ہوتی ہے
شیخؔ آساں نہیں تسخیر سخن کی منزل
زندگی راس نہ آئے تو غزل ہوتی ہے