نثار محمود تاثیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گھر بلاتا ہے کبھی شوق سفر کھینچتا ہے (غزل)
گھر بلاتا ہے کبھی شوق سفر کھینچتا ہے
دوڑ پڑتا ہوں مجھے جو بھی جدھر کھینچتا ہے
اس طرح کھینچتی ہیں مجھ کو کسی کی آنکھیں
جیسے طوفان میں کشتی کو بھنور کھینچتا ہے
کیسے ممکن ہے بھلا چاند نہ دیکھے کوئی
حسن کامل ہو تو پھر خود ہی نظر کھینچتا ہے
شام ڈھلتے ہی تیری سمت چلا آتا ہوں
جیسے بھٹکے ہوئے پنچھی کو شجر کھینچتا ہے
اس کے کوچے سے گزرنے کا سبب ہے تاثیر
ایک جھونکا سا ہے خوشبو کا ادھر کھینچتا ہے
شوق کی بات ہے ورنہ سخن آسان نہیں
ایک مصرع بھی میاں خون جگر کھینچتا ہے
کوشش ذرا سی کی جو دعاؤں کے ساتھ ساتھ (غزل)
کوشش ذرا سی کی جو دعاؤں کے ساتھ ساتھ
جلنے لگے چراغ ہواؤں کے ساتھ ساتھ
نکلے بہار اوڑھ کے کچھ خوش نما بدن
خوشبو بھی ہم سفر ہے قباؤں کے ساتھ ساتھ
چہرہ کشا ہوا ہے کوئی گیسوؤں کے بیچ
لگنے لگی ہے دھوپ بھی چھاؤں کے ساتھ ساتھ
شہروں سے مختلف ہیں یہ گاؤں کی لڑکیاں
بھرتی ہیں گاگریں بھی اداؤں کے ساتھ ساتھ
یوں تو میں اس دیار سے کچھ بھی نہ لا سکا
کچھ خاک لگ کے آ گئی پاؤں کے ساتھ ساتھ
مرے تخیل کو بولنے کا ہنر نہیں تھا (نظم)
مرے تخیل کو بولنے کا ہنر نہیں تھا
حروف جتنے خرد کی فرہنگ میں پڑے تھے
میں ان کو چننے کے فن سے واقف تھا اور ترتیب جانتا تھا
میں سب تراکیب جانتا تھا
مگر کمی تھی
کمی بھی ایسی کہ جس سے الفاظ نیم مردہ سے لگ رہے تھے
میں سارے گر آزما کے جب تھک گیا تو سگریٹ جلا لیا تھا
اور آنکھیں موندے ترے خیالوں میں کھو گیا تھا
اس ایک لمحے خرد کی فرہنگ میں لکھے سب حروف رنگین ہو رہے تھے
ترے سراپے کو دیکھتے ہی حروف سارے قلم سے قرطاس پر اترنے کو ہاتھ باندھے کھڑے ہوئے تھے
کہ جیسے تیرے غلام ہوں سب
مرے تخیل کو بولنے کا ہنر ملا
نظم ہو گئی تھی