نثاراحمد نثار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو فسانے کو حقیقت سے ملا دیتے ہیں (غزل)
جو فسانے کو حقیقت سے ملا دیتے ہیں
ہائے وہ بت جو خدا کا بھی پتا دیتے ہیں
بس تو آپس میں لگی آگ کو لوگوں سے چھپا
یہ تماشائی تو شعلوں کو ہوا دیتے ہیں
آپ نے وقت کو برتا ہے یہاں آئے دن
ہم تو بس روز شب و روز گنوا دیتے ہیں
لوگ ہمدردیاں لیتے ہیں دکھا کر جن کو
ہم تو وہ اشک ہواؤں میں اڑا دیتے ہیں
پردہ واجب ہے محبت میں سو لوگوں میں تری
بات چل نکلے تو ہم بات گھما دیتے ہیں
میری صحرا ہوئی آنکھوں پہ نہ طعنے کسنا
اشک آتے ہیں تو سیلاب بہا دیتے ہیں
اپنے شہروں میں جو کہلاتے ہیں سلطاں وہ سبھی
اپنے سر کو ترے کوچے میں جھکا دیتے ہیں
لوگ واقف ہیں مری دکھتی ہوئی رگ سے نثارؔ
چھیڑ کر ذکر ترا مجھ کو رلا دیتے ہیں
سب کو میں کی بڑبڑاہٹ کھا گئی (غزل)
سب کو میں کی بڑبڑاہٹ کھا گئی
میرا گاؤں چودھراہٹ کھا گئی
قرض تھا کچھ جس در خود دار پر
اس کی سانسیں کھٹکھٹاہٹ کھا گئی
گرمیوں میں نوچے مفلس دھوپ نے
سردیوں میں کپکپاہٹ کھا گئی
جتنے چھاؤں کے لٹیرے تھے انہیں
اک شجر کی مسکراہٹ کھا گئی
جھونپڑی کو قبل از بارش نثارؔ
بادلوں کی گڑگڑاہٹ کھا گئی