نظمی سکندری آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دولت درد کمانے کے لئے زندہ ہیں (غزل)
دولت درد کمانے کے لئے زندہ ہیں
لطف جینے کا اٹھانے کے لئے زندہ ہیں
فرق یہ کم ہے کہ تم اپنے لئے جیتے ہو
اور ہم سارے زمانے کے لئے زندہ ہیں
ٹوٹ کر بھی تو ہیں پیوستہ شجر سے اب تک
ہم نئی زندگی پانے کے لئے زندہ ہیں
وہ محافظ ہیں جنہیں تم نے کمانیں دی ہیں
بے کماں صرف نشانے کے لئے زندہ ہیں
حق دبایا ہے تو کچھ دیر دبائے رکھئے
لوگ ابھی شور مچانے کے لئے زندہ ہیں
اب سفر آخری تنہا نہ کرے گا کوئی
غم بہت ساتھ نبھانے کے لئے زندہ ہیں
ایسا لگتا ہے کہ ناراض ہے دنیا نظمیؔ
اور ہم اس کو منانے کے لئے زندہ ہیں
درد سے اگر رشتہ دوست کا نکل آئے (غزل)
درد سے اگر رشتہ دوست کا نکل آئے
غم میں مسکرانے کا راستہ نکل آئے
سچ سے اک تعلق ہے ہر حسین کاوش کا
ہر کہانی ممکن ہے واقعہ نکل آئے
کوٹھیوں میں نکلے گا آدمی بھی مشکل سے
جھونپڑوں میں ممکن ہے دیوتا نکل آئے
وقت نے بدل ڈالا زندگی کی قدروں کو
دوست کیا تھے کل اپنے آج کیا نکل آئے
سوچنے اگر بیٹھیں ان کی زلف برہم سے
دار تک محبت کا سلسلہ نکل آئے
لے چلا ہے دل لیکن بات جب ہے بن ٹوٹے
پتھروں کی بستی سے آئنہ نکل آئے
عمر بھر ملے جن سے مسکرا کے ہم نظمیؔ
وہ بھی دل کے زخموں سے آشنا نکل آئے