Nazish Sikandarpuri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جان بہار زندگی آنکھیں ذرا ملائے جا (غزل)
جان بہار زندگی آنکھیں ذرا ملائے جا
گلشن قلب پر مرے برق نظر گرائے جا
اپنا مجھے بنائے جا دل میں مرے سمائے جا
بند حجاب توڑ دے نقش دوئی مٹائے جا
مطرب خوشنوا نہ جا زخم جگر کرید کر
چھیڑا ہے جس پہ ساز دل نغمہ وہی سنائے جا
موسم گل کا واسطہ ابر بہار کی قسم
جب تک گروں نہ جھوم کر ساقی مجھے پلائے جا
مانا کہ تھک گئے ہیں پاؤں حوصلۂ شباب کے
پھر بھی ٹھہر کے دم نہ لے آگے قدم بڑھائے جا
ٹھیس لگے لگا کرے درد اٹھے اٹھا کرے
آنکھوں سے خوں بہا کرے پھر بھی تو مسکرائے جا
ناز و نیاز عشق کا ختم نہ ہو یہ سلسلہ
نازشؔ خستہ حال کو ہنس ہنس کے تو رلائے جا
محبت میں نگاہ شرمگیں جینے نہیں دیتی (غزل)
محبت میں نگاہ شرمگیں جینے نہیں دیتی
فلک بدنام ہے لیکن زمیں جینے نہیں دیتی
حیات و موت کی یہ کشمکش بھی اک تماشا ہے
کہ ہاں مرنے نہیں دیتی نہیں جینے نہیں دیتی
وہ کہتے ہیں مرے نقش قدم کی کیا خطا اس میں
جو تجھ کو تیری آوارہ جبیں جینے نہیں دیتی
رہوں گلشن میں یا صحرا میں دیوانہ ہی کہتی ہے
یہ دنیا کیسی دنیا ہے کہیں جینے نہیں دیتی
جنوں کہتا ہے کوئی تار بھی باقی نہ رہ جائے
خرد کو فکر جیب و آستیں جینے نہیں دیتی
مبارک نالۂ مظلوم وہ ظالم پکار اٹھا
ارے اب تیری آہ آتشیں جینے نہیں دیتی
عمل کی قوتیں ہیں طابع ہوش و خرد نازشؔ
مجھے میری نگاہ دور بیں میں جینے نہیں دیتی