پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nazish Haidari کی غزلیں — Nazish Haidari Ghazals

Nazish Haidari کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو ہے نئے وقت کا تقاضا تو یہ روش اختیار کر لوں (غزل)

جو ہے نئے وقت کا تقاضا تو یہ روش اختیار کر لوں

کہ خار آنکھوں میں چن کے رکھ لوں دہکتے شعلوں کو پیار کر لوں

چمن کی فطرت سمجھ رہا ہوں خزاں کو بھی جانتا ہوں لیکن

اشارے کرتے ہیں غنچہ و گل کہ بندگیٔ بہار کر لوں

یہ دیکھنا ہے رہ طلب میں ملیں گی گمراہیاں کہاں تک

فریب منزل جو دے رہے ہیں میں وہ بگولے شمار کر لوں

جنوں نے یہ مشورہ دیا ہے نہ ہو کمی ان کی جستجو میں

شعور کی مصلحت یہی ہے شکست کا اعتبار کر لوں

کہاں سے لاؤں میں وہ نگاہیں جو کشمکش خار و گل کی دیکھیں

خدا جو توفیق مجھ کو دے دے نظارۂ کار زار کر لوں

ابھرتے سورج کی روشنی کے ابھی کئی زاویے ہیں پنہاں

کرن جو پہچانتی ہے مجھ کو میں اس کا اور انتظار کر لوں

روا روی میں ہے عمر میری شکار ہوں غلبۂ سفر کا

ذرا ٹھہر جائے وقت کی رو شکایت روزگار کر لوں

مسلسل اک انقلاب کیا کیا ضمیر کو چھو رہا ہے نازشؔ

اگر کرم کا نہ آسرا ہو تو سرکشی اختیار کر لوں

کسی عارضی خوشی کا بہ خوشی شکار ہوتا (غزل)

کسی عارضی خوشی کا بہ خوشی شکار ہوتا

مجھے غم کی عظمتوں پر جو نہ اعتبار ہوتا

یہ فروغ دشت و صحرا ہے شکست گلستاں سے

نہ گلوں کا رنگ اڑتا نہ کہیں غبار ہوتا

مرے نخل زندگی نے کئی رخ ہوا کے دیکھے

کوئی رت کبھی نہ آتی تو سدا بہار ہوتا

تری یاد اگر نہ ہوتی تو حیات کا سفینہ

نہ عبور شام کرتا نہ سحر کے پار ہوتا

مری عظمت وفا سے وہ کبھی شکست کھا کر

مرا عزم چھین لیتے اگر اختیار ہوتا

تر و تازہ یوں نہ رہتے کبھی پھول مہر و مہ کے

چمن جہاں کا موسم جو نہ خوش گوار ہوتا

تھا اگرچہ منتظر میں اگر آپ آ بھی جاتے

تو تمام عمر اپنا مجھے انتظار ہوتا

جو نہ ٹوٹ ٹوٹ جاتا ترے جبر کا تسلسل

نظر احتجاج کرتی نہ نفس پکار ہوتا

مرے مسلک وفا میں تری دید تھی عبادت

جو نظر نہ تجھ پہ پڑتی میں گناہ گار ہوتا

مرا اشک خوں ہے نازش مرے تجربے کا حاصل

جو وفور غم میں ہنستا تو یہ شاہکار ہوتا

مزید غزلیں از Nazish Haidari ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں