Nazish Ansari کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہماری طرح صدا اک اچھال کر دیکھو (غزل)
ہماری طرح صدا اک اچھال کر دیکھو
جواب کچھ نہ ملے گا سوال کر دیکھو
حسین شب سے جو شرمندہ ہو کے ڈوب گیا
ندی سے آج وہ سورج نکال کر دیکھو
وہ اپنی ذات تھی جو ٹوٹی اور نہیں بکھری
یہ آئنہ ہے اسے تم سنبھال کر دیکھو
غریب دھوپ جو بکھری پڑی ہے کمرے میں
سمیٹو اور نئے سورج میں ڈھال کر دیکھو
میں روشنی ہوں اندھیرا ہوں درد ہوں کیا ہوں
مرے وجود سے مجھ کو نکال کر دیکھو
دیس راون کا ہے سینے میں چھپا لو نہ مجھے (غزل)
دیس راون کا ہے سینے میں چھپا لو نہ مجھے
میں کوئی رام نہیں گھر سے نکالو نہ مجھے
در بدر کر کے صبا جانے کہاں لے جائے
سونی گلیوں کی وراثت ہوں اچھالو نہ مجھے
اس کے خنجر کی بہک بھی بڑی جاں لیوا ہے
میں کہ کچھ بھی نہ سہی سامنے ڈالو نہ مجھے
میں تماشہ نہیں اپنے لیے اتنا سمجھو
پھر کبھی دیکھنا اے دیکھنے والو نہ مجھے
خود کو محسوس کیے جانا عبادت سے سوا
بہتا دریا ہوں سمندر میں تو ڈالو نہ مجھے
قاضئ شہر ہو اجازت تو (نظم)
قاضئ شہر ہو اجازت تو
میں بھی اپنی پریشاں حالی کہوں
کئی راتیں ہیں آنکھوں میں کاٹیں
کئی دن سے بہت حراساں ہوں
اک صدا سی ہے سینے میں جیسے
چل رہی ہوں ہوا میں تلواریں
کٹ رہے ہوں ہوا کے بازو و سر
جب بھی سنتا ہوں چونک اٹھتا ہوں
تنگ آ کے میں آج کہتا ہوں
میرے سینے کے بند کمرے میں
پرورش پا رہا ہے اک قاتل
پہلے میری رپورٹ لکھ لیجے
اور جو ہو سکے مدد کیجئے