پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Naz Butt کی غزلیں — Naz Butt Ghazals

Naz Butt کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے خبر ہوتے ہوئے بھی با خبر لگتے ہو تم (غزل)

بے خبر ہوتے ہوئے بھی با خبر لگتے ہو تم

دور رہ کر بھی مجھے نزدیک تر لگتے ہو تم

کیوں نہ آؤں سج سنور کر میں تمہارے سامنے

خوش ادا لگتے ہو مجھ کو خوش نظر لگتے ہو تم

تم نے لمس معتبر سے بخش دی وہ روشنی

مجھ کو میری آرزوؤں کی سحر لگتے ہو تم

جس کے سائے میں اماں ملتی ہے میری زیست کو

مجھ کو جلتی دھوپ میں ایسا شجر لگتے ہو تم

کیوں تمہارے ساتھ چلنے پر نہ آمادہ ہو دل

خوشبوئے احساس میرے ہم سفر لگتے ہو تم

نازؔ تم پر ناز کرتی ہے محبت کی قسم

زندگی بھر کی دعاؤں کا اثر لگتے ہو تم

تجھ کو سوچوں میں سو بہ سو ہو کر (غزل)

تجھ کو سوچوں میں سو بہ سو ہو کر

میں تو بس رہ گئی ہوں تو ہو کر

یہ ترے لمس کا کرشمہ ہے

پھیل جاتی ہوں رنگ و بو ہو کر

تو نہ ہو تو میں بانجھ مٹی ہوں

راکھ ہو جاؤں بے نمو ہو کر

ہے تری قید میں ہی آزادی

ڈھانپ لے مجھ کو چار سو ہو کر

آئنہ ہوں ترے وجود کا میں

آ کبھی دیکھ رو بہ رو ہو کر

نازؔ کے لب پہ ہر گھڑی رقصاں

تو ہی رہتا ہے گفتگو ہو کر

زمانہ اس کی خواہش میں ازل سے چور ہے جاناں (نظم)

زمانہ اس کی خواہش میں ازل سے چور ہے جاناں

محبت نور ہے جاناں

رخ مہتاب سے روشن نگار خواب سے روشن

نظر میں کھلنے والے سبزۂ شاداب سے روشن

ستاروں سے کہیں بڑھ کر چمک اس کے جلو میں ہے

جو آب و تاب ہے اس میں کہاں سورج کی ضو میں ہے

یہ نخل عشق پر جیسے وفا کا بور ہے جاناں

یہ جس دل میں اتر جائے اسے معمور کر جائے

سراپا رنگ کر جائے تمناؤں سے بھر جائے

یہ ایسا کیف ہے جو ہر قدم پر زندگی پر نور کرتا ہے

اتر کر روح میں اس کے اندھیرے دور کرتا ہے

یہ وہ احساس ہے جو ہر گھڑی بھرپور ہے جاناں

مزید غزلیں از Naz Butt ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں