نوین جوشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زخم ناسور کوئی ہونے سے (غزل)
زخم ناسور کوئی ہونے سے
درد اگتا ہے درد بونے سے
وہ تھا مرکوز میرے مرکز پر
اور ادھڑتا رہا میں کونے سے
چلو اب ہنس کے دیکھ لیتے ہیں
دل پگھلتے نہیں ہیں رونے سے
اسے ہم سود اب کہیں یا زیاں
مل گیا خواب نیند کھونے سے
وہ اندھیروں میں ہی رہے آخر
بجھ گئے جو چراغ ڈھونے سے
دن میں بھی رات کا سماں ہوگا
جاگتے میں یوں سب کے سونے سے
میری مٹی ہے اب تلک کچی
گھل نہ جاؤں کہیں بھگونے سے
اب سمندر نپٹ اکیلا ہے
کیا ملا کشتیاں ڈبونے سے
میرے سائے سے یہ بھی ظاہر ہے
نور حائل ہے میرے ہونے سے
حقیقت میں کوئی کہانی ملا دو (غزل)
حقیقت میں کوئی کہانی ملا دو
بہت آگ ہے تھوڑا پانی ملا دو
یہی دائمی مشغلا ہے ہمارا
نئی چیز لے لو پرانی ملا دو
محبت فقط لفظ تھا ایک خالی
یہ کس نے کہا تھا معانی ملا دو
مجھے نیند سے کوئی رنجش نہیں ہے
اگر خواب کچھ آسمانی ملا دو
ستم گر کی طاقت اسی سے بڑھے گی
تحمل میں تم بے زبانی ملا دو
نہ جانے خدا کو یہ سوجھی کہاں سے
ازل روح میں جسم فانی ملا دو
چلو دوستوں کو ہم آج آزمائے
نواؔ بات میں حق بیانی ملا دو